QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی کی بحالی کے بیان پر ن لیگ اور جے یو آئی کا سینیٹ اجلاس سے واک آوٹ

7 May 2012 21:43

اسلام ٹائمز:مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے وزیردفاع کے نیٹو سپلائی بحال کرنے سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کیا، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی پر پابندی پارلیمنٹ کی قرارداد کا نتیجہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سینٹ کا اجلاس چیئرمین نئیر حسین بخاری کی سربراہی میں ہوا۔ مسلم لیگ ن کے سینٹر راجہ ظفرالحق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیردفاع چودھری احمد مختار کا نٹیو سپلائی بحال کرنے سے متعلق بیان پارلیمنٹ کی توہین ہے، پارلیمنٹ اس حوالے سے سفارشات منظور کر چکی ہے، پھر پابندیاں لگائے جانے سے متعلق بیاں کا کیا مقصد ہے، اسامہ کی ہلاکت پر ایبٹ آباد کمیشن بنا لیکن حکومت کہتی ہے ہم نے اس مسئلہ پر امریکہ کی مدد کی تھی۔

جے یو آئی کے سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کرنا ملکی خودمختاری چیلنج کرنے کے مترادف ہے، وزیردفاع کا بیان پارلیمنٹ کی توہین ہے، حکومتی سینٹر میاں رضا ربانی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ نیٹو سپلائی پر پابندی پارلیمنٹ قرارداد کے نتیجے میں نہیں لگی، پابندی کا فیصلہ دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا جس کی توثیق وفاقی کابینہ نے کی تھی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر دفاع چودھری احمد مختار نے کہا تھا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال نہیں کریں گے تو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو گی اور ہم پر پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 159807

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/159807/نیٹو-سپلائی-کی-بحالی-کے-بیان-پر-ن-لیگ-اور-جے-یو-ا-ئی-کا-سینیٹ-اجلاس-سے-واک-ا-وٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org