QR CodeQR Code

تمام جمہوری قوتوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے، اگر تدبر سے کام نہ لیا گیا تو تیسری قوت فائدہ اٹھا سکتی ہے، علامہ اصغر عسکری

8 May 2012 22:18

اسلام ٹائمز:مرکزی دفتر سے جاری بیان میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فیصلہ ایک ایسے وقت آیا ہے جب ملک کے چیف ایگزیکٹو برطانیہ کے ساتھ سٹریٹجک مذاکرات کرنے جا رہے ہیں اس فیصلے سے ان کی ساکھ متاثر ہو گی اور ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ تمام جمہوری قوتوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔ اگر تدبر سے کام نہ لیا گیا تو تیسری قوت فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک پہلے ہی معاشی بدحالی اور دہشت گردی کی زد میں ہے اور آئے روز مغربی طاقتوں کی ملکی معاملات میں دخل اندازی بڑھتی جا رہی ہے اگر تمام قوتیں اپنے اپنے موقف پر ڈٹی رہیں گی تو یہ پاکستان کے لئے نیک شگون ثابت نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ ایک ایسے وقت آیا ہے جب ملک کے چیف ایگزیکٹو برطانیہ کے ساتھ سٹریٹجک مذاکرات کرنے جا رہے ہیں اس فیصلے سے ان کی کریڈیبلٹی متاثر ہو گی اور ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی بارہا کہہ چکی ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کرے گی۔ اب چاہیے یہ ہے کہ حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں ملک کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کی بقاء کا راز آئین کی حکمرانی میں مضمر ہے جو قومیں قانون کا احترام نہیں کرتیں ان کا ذکر صفحہ تاریخ سے محو ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کے اختیارات واضح ہیں اور تمام اداروں سے امید کی جانی چاہیے کہ آئین میں درج اپنی ڈومین میں رہتے ہوئے ملکی مفاد میں کام کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 160147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/160147/تمام-جمہوری-قوتوں-کو-سوچ-سمجھ-کر-فیصلے-کرنے-ہوں-گے-اگر-تدبر-سے-کام-نہ-لیا-گیا-تیسری-قوت-فائدہ-اٹھا-سکتی-ہے-علامہ-اصغر-عسکری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org