0
Wednesday 9 May 2012 14:33

فرانسیسی سفیر اور فرانسیسی قونصل جنرل کا ادارہ نور حق کا دورہ

فرانسیسی سفیر اور فرانسیسی قونصل جنرل کا ادارہ نور حق کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں مقیم فرانسیسی سفیر Philippe Thiebaud اور فرانسیسی قونصل جنرل Christian Ramage نے ادارہ نور حق میں میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو، کراچی کے امیر محمد حسین محنتی سے ملاقات کی، ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر حافظ نعیم الرحمن، امور خارجہ کے نگراں مظفر احمد ہاشمی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد، سیکریٹری اطلاعات سید زاہد عسکری، راشد قریشی، جاوید احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر Philippe Thiebaud نے کہا کہ پاکستان فرانس کا دیرینہ دوست ہے، ہم نے پاکستان سے اصولی بنیادوں پر مستحکم تعلقات استوار کئے ہیں اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور اس کے پر امن ایٹمی پروگرام کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں سب سے بڑی اقلیت مسلمان ہیں اور وہاں حجاب پر عائد کی جانے والی پابندیوں سے مسلمانوں کے اندر پائی جانے والی تشویش سے ہم آگاہ ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک پرامن مذہبی و سیاسی جماعت ہے، جس میں پڑھے لکھے لوگوں کی اکثریت ہے، سماجی کاموں میں جماعت اسلامی اور اس کی رفاہی تنظیم الخدمت کا ایک نمایاں مقام ہے، جب کہ کراچی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کا دور ایک سنہرا دور تھا، جس میں کرپشن کا نام و نشان تک نہیں تھا، کراچی نعمت اللہ خان کے دور میں تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا ملکی اور بین الاقوامی کردار قابل تحسین ہے، کراچی میں قیام امن کے لیے اس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ادارہ نور حق آمد پر فرنسیسی سفیر اور قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور جماعت اسلامی کے حوالے سے ان کے خیالات کی تحسین کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ فرانس نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاک فرانس دوستی مظبوط بنیادوں پر قائم ہے اور اسے متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں فرانس کا جو مقام ہے وہ کسی سے مخفی نہیں دنیا بالخصوص، کشمیر، فلسطین، افغانستان اور عراق میں ناانصافیوں کے خاتمے پر امن بقائے باہمی کے دم توڑتے اصولوں کو زندہ کرنے کے لیے فرانس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس ایک سیکولر اسٹیٹ ہے لیکن مسلمان محسوس کر رہے ہیں کہ وہاں ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 160337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش