QR CodeQR Code

تین افراد کو لاپتہ کرنے میں ایف سی ملوث ہے، بلوچستان پولیس

12 May 2012 19:24

اسلام ٹائمز: چیف جسٹس آف پاکستان کا کیس کی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کیس میں ایف سی کے خلاف ثبوت موجود ہیں، آئی جی ایف سی چاہیں تونہ آئیں لیکن تین لاپتہ افراد کو پیش کردیں۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران بلوچستان پولیس نے عدالت کو بتایا ہے کہ تین لاپتہ افراد کو ایف سی نے اٹھایا ہے، اور یہ کہ اس ضمن میں ایک مقامی ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے، جس پر عدالت نے یہ فوٹیج پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں آئی جی ایف سی کی بجائے میجر سہیل پیش ہوئے، تو چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے آئی جی کو بلایا تھا۔ میجر سہیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ مصروف ہیں، اس لئے نہیں آسکے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ سے بڑا کوئی نہیں ہے، یہ سپریم کورٹ ہے کوئی مذاق نہیں۔ ان سے معلوم کرکے بتائیں کہ کب پیش ہوں گے۔ ایف سی کے خلاف تین افراد کو لاپتہ کرنے کے ثبوت موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کریں۔ آئی جی ایف سی نہ آئے تو آرڈر جاری کردینگے۔ میجر سہیل نے کہا کہ فلائٹ شیڈول کے مطابق دیکھیں گے کہ کب فلائٹ دستیاب ہوگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ضرورت ہے، بڑے لوگ چارٹر جہازوں پر آتے جاتے ہیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ تینوں افراد کو اٹھانے کی فوٹیج مقامی ہوٹل سے مل گئی ہے، جس میں ان تینوں افراد کو ایف سی کی گاڑی میں بٹھایا جارہا ہے۔ چیف جسٹس نے تین لاپتہ افراد کو سوموار تک پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور آئندہ سماعت پر آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس بلوچستان کو عدالت میں پیش ہونے کا کہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 161194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/161194/تین-افراد-کو-لاپتہ-کرنے-میں-ایف-سی-ملوث-ہے-بلوچستان-پولیس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org