QR CodeQR Code

پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے دو گروپوں میں معمولی بات پر تصادم، ناظم جانبحق، ایک زخمی

13 May 2012 23:11

اسلام ٹائمز: ہاسٹل نمبر 18 اور 19 کے درمیان واقع کیفے ٹیریا پر محمد اویس دوسرے دوستوں کے ہمراہ جوس پی رہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔


اسلام ٹائمز. پنجاب یونیورسٹی میں جمعیت کے دو گرپوں میں تصادم سے جمعیت کے ناظم محمد اویس جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 18 اور 19 کے درمیان واقع کیفے ٹیریا پر محمد اویس دوسرے دوستوں کے ہمراہ جوس پی رہا تھا کہ معمولی بات پر آپس میں جھگڑ پڑے اور نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی، جمیعت کے ایک لڑکے نے اپنے ہی ناظم پر فائر کھول دیا جس سے ایک گولی جمعیت کے ناظم محمد اویس کو اور ایک دوسرے ساتھی جو جا لگی۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال لے جایا گیا لیکن محمد اویس زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا جبکہ اس کے ساتھی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق اویس کی موت خون بہہ جانے کی وجہ سے ہی ہوئی ہے جب کہ دوسرے لڑکے کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ ڈاکٹروں کے بقول وہ اسے بچانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ دوسری جانب فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی کے مختلف ہاسٹلز سے طلبہ کی کثیر تعداد ہسپتال پہنچ گئی جب کہ کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال میں موجود ہے۔ واقعہ کے بعد یونیورسٹی کے تمام گیٹ سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ ہاسٹلز کے طلبہ کو بھی ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ باہر نہ نکلیں۔ پولیس کی نفری یونیورسٹی میں بھی موجود ہے۔


خبر کا کوڈ: 161577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/161577/پنجاب-یونیورسٹی-میں-جمعیت-کے-دو-گروپوں-معمولی-بات-پر-تصادم-ناظم-جانبحق-ایک-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org