0
Monday 14 May 2012 23:28

بھارت چاہے جتنے مظالم ڈھالے، کشمیریوں کو سرنڈر نہیں کراسکتا، علی گیلانی

بھارت چاہے جتنے مظالم ڈھالے، کشمیریوں کو سرنڈر نہیں کراسکتا، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس آج چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ، تحریک حریت، تحریک وحدت اسلامی، مسلم کانفرنس، ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ، ماس موومنٹ، پیپلز لیگ، پیپلز فریڈم لیگ اور ایمپلائز موومنٹ کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور و خوص ہوا، مجلس شوریٰ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ 19 مئی کو حیدر پورہ میں ایک اہم سیمینار طلب کیا جائے گا، جس میں ”مسئلہ کشمیر سے متعلق یو این او کی قراردادیں کیا ناقابل عمل بن چکی ہیں؟“،  عنوان کے تحت اس سیمینار مختلف اہل فکر و دانش اظہار خیال کریں گے، اس سیمینار کیلئے سیاسی راہنماوں کے علاوہ تاریخ کشمیر پر لکھنے والے مورخین، اہل قلم حضرات، وکلاء اور صحافیوں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے اور اس میں مقررہ موضوع پر ایک سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔
 
سید علی گیلانی نے اپنے صدارتی خطاب میں اس بات کو واضح کیا کہ کشمیری قوم ایک نوبل کاز کیلئے اُسی طرح جدوجہد میں مصروف ہے، جس طرح دُنیا کی دیگر اقوام نے اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی لڑائیوں میں کوئی قوم وقت کا تعین کرکے نہیں چلتی اور اس طرح کی تحریکیں قیادت کے عزم، ہمت اور یکسوئی کے بغیر کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوتیں، انہوں نے کہا کہ ایک وقت وہ تھا جب بھارت سے انگریزوں کے چلے جانے کی بات کرنے والوں کو دیوانہ اور پاگل قرار دیا جاتا تھا اور اس طرح کا نعرہ لگانے کو وقت کا ضیاع اور قوم کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے سے تعبیر کیا جاتا تھا، لیکن اس تحریک کی قیادت کرنے والوں نے ملامت کرنے والوں کی ملامت کو کسی خاطر میں نہیں لاتے ہوے اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھا۔
 
حریت پسند رہنماء نے کہا کہ پوری انسانی تاریخ اس حقیقت کی شاہد ہے کہ آج تک کسی بھی قوم کی تحریکِ آزادی ناکام نہیں ہوئی اور میرا یقین ہے کہ ہم بھی اپنا مقصد حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا کے حالات ایک جیسے نہیں رہتے ہیں اور تغیر و تبدل ایک ابدی اور ازلی حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اگر تنازعہ کشمیر کے سلسلے میں آج ضد اور ہٹ دھرمی دکھانے کی پوزیشن میں ہے، لیکن یہ صورتحال بہت جلد تبدیل ہوجائے گی اور دنیا میں وقوع پذیر ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کے آگے اس کو شکست ہو گی۔
 
گیلانی نے مزید کہا کہ کشمیری قوم کی غالب اکثریت تحریکِ آزادی کے حوالے سے بہت زیادہ حساس ہے اور ہماری نوجوان نسل کا جذبہ آزادی اپنے پیشرووں سے اور زیادہ مضبوط ہوگیا ہے، بھارت چاہے جتنے بھی مظالم ڈھائے یا رعایتیں دے، وہ کشمیریوں کو سرنڈر کرانے پر مجبور نہیں کرسکتا، حریت رہنماء نے اہل فکر آزادی پسندوں سے اپیل کی کہ وہ 19 مئی کے مجوزہ سیمینار میں شرکت کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی حیثیت  کے بارے میں ماہرین کی رائے جاننے کے موقعے سے فائدہ اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 161938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش