QR CodeQR Code

اسپیکر قومی اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت

14 May 2012 23:43

اسلام ٹائمز: قومی اسمبلی سيکريٹريٹ کے اعلاميہ کے مطابق اسپيکر نے قائد حزب اختلاف کو يہ دعوت ان کے خطوط کے جواب ميں دی ہے جو انہوں نے چند دن قبل اسپيکر اور ڈپٹی اسپيکر کو ارسال کئے۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار کے اسپیکر قومی اسمبلی سے متعلق بیان کو فہمیدہ مرزا نے سنجیدگی سے لے لیا اور چوہدری نثار کو ملاقات کی دعوت دے دی۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ن لیگ کے عابد شیر علی بھی طلب کر لیے گئے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس سے متعلق فیصلہ آنے کے بعد اپوزیشن لیڈر نے الزام عائد کیا تھا کہ اسپیکر کا رویہ جانبدارانہ ہے۔ اس بیان پر اسپیکر قومی اسمبلی نے انتہائی سنجیدہ ردعمل ظاہر کیا اور چوہدری نثار کو ملاقات کی دعوت دے دی ہے ۔

ملاقات کی دعوت ایک ایسے موقع پر دی گئی ہے جب پارلیمنٹ کے اندر انتہائی بےچینی کی فضا ہے۔ نہ صرف چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ کھٹائی میں پڑا ہے بلکہ آئندہ نگراں سیٹ اپ سے متعلق مشاورت بھی ایک سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی کو بھی طلب کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی سيکريٹريٹ کے اعلاميہ کے مطابق اسپيکر ڈاکٹر فہميدہ مرزا نے قائد حزب اختلاف کو يہ دعوت چوہدری نثار کے ان خطوط کے جواب ميں دی ہے جو انہوں نے چند دن قبل اسپيکر اور ڈپٹی اسپيکر کو ارسال کئے۔ ان خطوط ميں صوبوں سے متعلق ن ليگ کی قراداد کو ايوان ميں پيش نہ کرنے اور وزيراعظم پر اعتماد کی قرارداد پيش کرنے پر احتجاج کيا گيا تھا۔ اسپيکر قومی اسمبلی نے مسلم ليگ ن کے عابد شير علی کو بھی اس ہفتے اپنے چيمبر ميں ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے۔


خبر کا کوڈ: 161949

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/161949/اسپیکر-قومی-اسمبلی-کی-اپوزیشن-لیڈر-کو-مذاکرات-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org