QR CodeQR Code

پشاور، جمعیت طلباء اسلام کا علماء کرام کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

15 May 2012 00:24

اسلام ٹائمز: پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے والے مظاہرین کا موقف تھا کہ علماء کا قتل امریکہ نواز پالیسی کا تسلسل ہے اور ڈالروں کے عوض انہیں قتل کیا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت طلباء اسلام نے مولانا سید محسن شاہ، مولانا نصیب خان اور مولانا اسلم شیخوپوری کے قتل کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ٹارگٹ کلنگ کیخلاف نعرے درج تھے، مظاہرہ کی قیادت صوبائی صدر حافظ ارشد کر رہے تھے، اس موقع پر مظاہرین کا موقف تھا کہ علماء کا قتل امریکہ نواز پالیسی کا تسلسل ہے اور ڈالروں کے عوض انہیں قتل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ علماء کو ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت قتل کیا رہا ہے جو قابل تشویش ہے تاہم جمعیت طلباء اسلام ان مذموم حرکات کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی، انہوں نے کہا کہ مولانا سید محسن شاہ،  مولانا نصیب خان اور مولانا اسلم شیخوپوری کے قتل میں بلیک واٹر اور امریکی کارندے ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، حکومت امریکی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر علماء کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن ان کے ناپاک عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے امن اور عوام کو ریلیف دینے کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا اور امن کی بجائے بدامنی کو فروغ دیا، اس لئے انہیں اخلاقاً مستعفی ہونا چاہئے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ علماء کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزاء دی جائے، انہوں نے دھمکی دی کہ اگر علماء کے قتل کاسلسلہ بند نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 161959

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/161959/پشاور-جمعیت-طلباء-اسلام-کا-علماء-کرام-کے-قتل-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org