0
Tuesday 15 May 2012 14:12

65 سالہ امریکی غلامی نے ہمیں پستیوں کی طرف ہی دھکیلا ہے، حافظ عاکف سعید

65 سالہ امریکی غلامی نے ہمیں پستیوں کی طرف ہی دھکیلا ہے، حافظ عاکف سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے علماء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسلام نافذ نہ کرنے کی وجہ سے ہماری دفاعی اور نظریاتی سرحدیں کمزور ہو چکی ہیں، ابلیسی قوت امریکہ کبھی بھی اسلام کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے نہیں آنے دینا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ حضور (ص) کے امتی ہونے کے ناطے ہم پر فرض تھا کہ ہم پاکستان میں اسلام کا نفاذ کرتے، 65 سالہ امریکی غلامی نے ہمیں پستیوں کی طرف ہی دھکیلا ہے، دوسری طرف طالبانِ افغانستان نے دنیا بھر کی مخالفت مول لیکر اللہ سے اپنا تعلق جوڑا آج دنیا گواہ ہے کہ اللہ پر توکل کے سبب سپر پاور امریکہ افغانستان میں بے بس اور مفلوج ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفاعِ پاکستان کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ جس مقصد یعنی نظامِ خلافت کے قیام کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا، اس نظام کو جلد از جلد ملک میں نافذ کیا جائے تاکہ دفاعِ پاکستان کا حقیقی تقاضا پورا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر ذہنی لاچاری آج پاکستان کا سبب سے بڑا مسئلہ ہے، جس طرح ہم بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے کیلئے نکلتے ہیں اِسی طرح دفاعِ پاکستان کے لیے بھی ہمیں میدان عمل میں نکلنا ہو گا، لیکن اِس کے لیے ہمیں ایک بہت بڑا یوٹرن لینا ہو گا اور امریکہ سے ناطہ توڑ کر اللہ سے رشتہ جوڑنا ہوگا۔

حافظ عاکف سعید نے کہا کہ دفاعِ پاکستان کے لیے بہترین پلیٹ فارم مساجد اور مدارس ہیں، علماء کرام اور دانشور حضرات اگر مساجد کی قوت کو بحال کریں تو بہت بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعِ پاکستان کا کام نہ صرف 18 کروڑ عوام بلکہ فوج کے جیالوں اور ہر سوچنے سمجھنے والے پاکستانی پر فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے حصول کا مقصد یہ تھا کہ اسلام کے اُصولِ حریت، اخوت و مساوات کو عملی سطح پر دنیا میں پیش کیا جائے، جس طرح پاکستان کا قیام ایک بہت بڑا معجزہ ہے اِسی طرح یہود و ہنود کی سازشوں کے باوجود اِس کے وجود کا باقی رہنا بھی کسی معجزے سے کم نہیں۔
خبر کا کوڈ : 162136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش