QR CodeQR Code

ایران سے گندم کے بدلے بجلی کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے، لیاقت شباب

15 May 2012 15:27

اسلام ٹائمز: نوشہرہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایران سے بجلی کے حصول کی خاطر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن لیاقت شباب نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایران سے بجلی کے حصول کی خاطر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، جس سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ بجلی کے اس استعمال سے دیگر فوائد بھی حاصل کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایران کے سرکاری دورہ کے بعد امان گڑھ نوشہرہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک اس وقت مختلف سازشوں کا شکار ہے مگر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ کی طرح ان سازشوں سے نکلنے کیلئے وسیع النظری اور مفاہمت کے فلسفے کے تحت معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہاں بھی ترقی کا دور دورہ ہو گا اور ہر پاکستانی کو اس کے مکمل حقوق حاصل ہوں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت گندم میں خود کفالت حاصل کر چکا ہے لہذا ایران کے ساتھ گندم کی ترسیل کے بدلے بجلی کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے، انہوںنے کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ آمرانہ قوتوں نے ہی نقصان پہنچایا ہے جبکہ جمہوری اداروں کے استحکام ہی میں ملک و قوم کی ترقی کا راز پنہاں ہے۔ قوم کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنے کے لئے بعض سیاسی جماعتیں لانگ مارچ اور احتجاج کی سیاست کرنا چاہ رہی ہیں کیونکہ انہی لوگوں نے ملک کو پہلے بھی نقصان پہنچایا اور اب بھی ان کی سوچ نہیں بدلی۔


خبر کا کوڈ: 162172

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/162172/ایران-سے-گندم-کے-بدلے-بجلی-کا-حصول-ممکن-بنایا-جا-سکتا-ہے-لیاقت-شباب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org