0
Wednesday 16 May 2012 03:30

آزادی القدس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، آل پارٹیز کانفرنس

آزادی القدس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، آل پارٹیز کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان کے زیراہتمام 15 مئی ’’یوم نکبہ‘‘ کے عنوان سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ’’فلسطین، فلسطینیوں کا وطن‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت قومی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور فلسطین عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے 64 سالہ مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطین کے عوام کو فلسطین آنے کا حق حاصل ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت سلب نہیں کر سکتی۔

یوم نکبہ کی مناسبت سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر کمانڈر خدائے داد، یوسف نوتیزئی (مرکزی جنرل سیکرٹری جمہوری وطن پارٹی)، مولانا مقصود علی ڈومکی ( رہنما مجلس وحدت مسلمین و سرپرست فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان، مولانا شیخ محمد اسماعیل (مدیر جامعہ سلفیہ و رہنما جمعیت اہل حدیث)، آغا خالد دلسوز (صوبائی جنرل سیکرٹری بلوچستان نیشنل پارٹی)، امان اللہ شادزئی (مرکزی رہنما جماعت اسلامی بلوچستان)، اقتدار احمد خان (نائب امیر تنظیم اسلامی) اور میر نصیب اللہ شاہوانی (صوبائی جنرل سیکرٹری جمہوری وطن پارٹی) و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی نابودی ناگزیر ہے، فلسطینی عوام پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے 64 سالہ مظالم اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام میں یورپی ممالک اور بوڑھا استعمار برطانوی سامراج اور عالمی استعمار امریکہ برابر کے جرم میں شریک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کے عوام کو اپنے ہی گھروں سے بے دخل ہوئے 64 سال گذر چکے ہیں، لیکن عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اور یورپی ممالک کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی بے جا پشت پناہی نے فلسطینیوں کے حقوق کو واپس لینے کے راستے میں رکاوٹ قائم کر رکھی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کو آج جرم قرار دیا جاتا ہے جبکہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مظلوم اور نہتے عوام کا خون بہانا جائز قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دوہرے معیارات کو ترک کر دے اور ظالم کو ظالم اور مظلوم کو مظلوم کہنا سیکھے۔ اس موقع پر مقررین نے ایک مشترکہ قرارداد منظور کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو جاری و ساری رکھیں گے اور آزادی القدس کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا جبکہ مشترکہ مطالبہ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین صرف اور صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین نہر سے بحر تک فلسطینیوں کو ملنا چاہئیے۔
خبر کا کوڈ : 162350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش