0
Thursday 17 May 2012 03:07

پیپلز پارٹی نے کبھی بھی نسل پرستی کا کارڈ استعمال نہیں کیا، ترجمان بلاول ہاؤس

پیپلز پارٹی نے کبھی بھی نسل پرستی کا کارڈ استعمال نہیں کیا، ترجمان بلاول ہاؤس
اسلام ٹائمز۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پنجاب میں اپنی گندی سیاست کی ناکامی کے بعد خود " سندھ کارڈ " استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ شریف برادران نے ہمیشہ اپنے سیاسی مرشد جنرل ضیاء کے ساتھ مل کر سندھ کے معصوم اور مظلوم لوگوں کو کوڑے، قید و بند کی صعوبتیں اور پھانسی کے پھندے تحفے میں پیش کیے۔ نوازشریف کے دورہ سندھ کے دوران دیئے گئے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز درانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی نسل پرستی کا کارڈ استعمال نہیں کیا اور نہ ہی کبھی ’’ جاگ پنجابی جاگ ‘‘ یا ’’ سندھو دیش ‘‘ کے نعرے لگا کر چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہونے کی سازش کی۔ ترجمان نے کہا کہ دورہ سندھ کے موقع پر نواز شریف کے ملک دشمن قوتوں سے رابطوں اور ان کی ’’ Body Language ‘‘ سے یہ حقیقت ایک مرتبہ پھر عیاں ہورہی ہے کہ اب شریف برادران کھل کر وفاق پاکستان کی سیاست کرنے والوں کے خلاف میدان عمل میں نکل آئے ہیں۔

اعجاز درانی نے کہا کہ ماضی میں شریف برادران نے اسامہ بن لادن سے اربوں روپے حاصل کرکے دین اسلام کے نام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کی اور اب وہ نسل پرستی کے نام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے عظیم شوہر آصف علی زرداری کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہوگئے ہیں۔ ماضی میں نواز شریف خود کو ضیاء کا ’’ فرزند خاص ‘‘ کہلوانے میں فخر محسوس کرتے تھے۔ ضیاء کے عبرت ناک انجام کے بعد نواز شریف اسامہ بن لادن کے کندھوں پر چڑھ کر خود کو ’’ ملا نواز شریف ‘‘ کے خطاب سے ازخود نواز رہے تھے اور اب وہ وفاق پرستوں کی دھرتی میں آکر ممتاز بھٹو کے کندھوں پر بیٹھ کر مظلوم سندھیوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 162653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش