0
Friday 18 May 2012 18:32

ووٹ کی طاقت سے تفرقہ مٹائیں گے اور وحدت کو لائیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری

ووٹ کی طاقت سے تفرقہ مٹائیں گے اور وحدت کو لائیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ دشمن نے سازش کی کہ اس ملک میں شیعہ اور سنی کمزور ہو جائیں، تاکہ وہ اپنے ناپاک منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ ملکی سکیورٹی کے ادارے اس ناپاک منصوبے کا حصہ بنے اور انہوں نے ان وطن دشمن عناصر کی پرورش کی جنہوں نے اب ان اداروں کو بھی نہیں بخشا۔ ان اداروں نے یہ سوچ پیدا کی کہ شیعہ اس ملک کے خیرخواہ نہیں، اسی طرح بریلوی مکتبہ فکر کے بارے میں یہی سوچ پیدا کی گئی۔ دفاع پاکستان کونسل کے نام پر وطن کے دفاع کے دعویدار وہی افراد ہیں جن کے آباؤ اجداد اس مادر وطن کیخلاف تھے اور بابائے قوم کو کافر اعظم کہتے تھے۔ پنجاب حکومت کا دہشتگردوں کے ساتھ منحوس اتحاد نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ مادر وطن کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قوم کو یتیم کر دیا گیا اور ہمارے محبوب قائد علامہ سید عارف الحسین الحسینی کو ہم سے چھین لیا گیا۔ وہ قائد جس نے اس وطن میں اتحاد بین المسلمین کی بنیاد رکھی۔ ان ظالموں نے قائد شہید کے اُس علَم کو گرانے کی کوشش کی، جسے الحمداللہ اب قوم نے تھام لیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین علامہ سید عارف کے ارمان کو زندہ کرے گی۔ قائد شہید کی فکر کو زندہ کیا جائے گا اور شیعہ سنی اتحاد کو عملی شکل دی جائے گی۔ انشاءاللہ سنیوں کو ہم جذب کریں گے اور انہیں اتحاد پر مجبور کریں گے اور ملک سے تکفیریت کا خاتمہ کیا جائے گا۔ علامہ ناصر نے کہا کہ اسی طرح یکم جولائی کے پروگرام میں شیعہ طاقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔ فوج میں سے تکفیری فکر ختم کرائی جائے گی اور انہیں مجبور کیا جائے گا وہ صرف وطن کا دفاع کریں، جو اُن کا آئینی فرض ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں پانچ کروڑ سے زیادہ ہیں، اس لئے اس ملک میں اپنے حقوق کی بھیک مانگیں یہ ہمارے لئے ذلت سے کم نہیں۔ ہم ان ظالموں سے اپنے حقوق مانگیں نہیں بلکہ چھین کر رہیں گے۔ اب شیعہ قوم بیدار ہو چکی ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس سال کو ہم نے میدان میں رہنے اور تیاری کا سال قرار دیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں اگر کسی مکتب کی سیاسی طاقت نہ ہو تو اس کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہوتی۔ ہم اپنی سیاسی طاقت حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے اجتماع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب اس قوم کا ووٹ کسی سیاسی جماعت کو نہیں جائے گا بلکہ ووٹ صرف اور صرف امام حسین ع کی امانت ہے اور اُسے دیا جائے گا جو اس کا صحیح حقدار ہو گا۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کمزور کو جینے نہیں دیا جا رہا، یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو بسوں سے اتار کا مارا جاتا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہم کمزور ہیں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہمیں بیداری کی ضرورت ہے، جس طرح عزاداری میں ہم اکھٹے ہوتے ہیں، اسی طرح سیاسی میدان میں بھی ہمیں اکھٹے ہونا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 163069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش