0
Saturday 19 May 2012 11:13

ڈاکٹر سید شبیہ الحسن کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ دو بجے دوپہر ادا کی جائے گی

ڈاکٹر سید شبیہ الحسن کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ دو بجے دوپہر ادا کی جائے گی
اسلام ٹائمز۔ ممتاز ماہر تعلیم، شاعر، ادیب معروف دانشور اور ایف سی کالج لاہور کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیہ الحسن ہاشمی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ڈاکٹر سید شبیہ الحسن لاہور کینٹ میں اپنے کالج سے رات کو پڑھا کر نکل رہے تھے کہ اچانک نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکٹر شبیہ الحسن ہاشمی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر خالق حقیقی سے جا ملے۔

ڈاکٹر سید شبیہ الحسن کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ دو بجے دوپہر ڈی گراؤنڈ رحمن پورہ نزد آب پارہ سٹاپ وحدت روڈ میں ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹر سید شبیہ الحسن معروف شاعر اور صحافی وحید الحسن ہاشمی کے فرزند تھے۔ ڈاکٹر سید شبیہ الحسن مرثیہ خوانی اور مذہبی شاعری میں منفرد مقام رکھتے تھے۔ ان کی ملک کے لئے تعلیم کے شعبہ میں خدمات لائق تحسین ہیں۔ ادبی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سید شبیہ الحسن کی وفات سے پاکستان ایک عظیم ماہر تعلیم سے محروم ہو گیا ہے۔

ممتاز ادیب اور شاعر سید قائم نقوی نے اس موقع پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک عظیم مفکر اور ماہر تعلیم سے قوم اور ملک کو محروم کر دیا، ان کا یہ خلا مدتوں پورا نہیں ہو سکے گا۔ ممتاز صحافی کاظم جعفری نے کہا کہ ہمارا ملک ایک عظیم استاد سے محروم ہو گیا۔ ممتاز شاعرہ اور براڈ کاسٹر شمع سید نے کہا کہ سید شبیہہ الحسن ایک عظیم استاد تھے جو ہر شعبہ میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے، ان کی وفات سے ایک نسل محروم ہو گئی جس کی آبیاری وہ اپنے علم سے کر رہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 163219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش