QR CodeQR Code

وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی پر اقرباء پروری کا الزام سراسر بے بنیاد ہے، ترجمان

19 May 2012 14:53

اسلام ٹائمز:یونیورسٹی ترجمان نے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی کی شہرت کو نقصان پہنچانے والی مقامی اخبار کی اس خود ساختہ خبر کے خلاف یونیورسٹی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ترجمان نے ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی اس خبر کی مذمت کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں محترمہ وائس چانسلر پر اقرباء پروری اور ہٹ دھرمی کا الزام لگایا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ محترمہ وائس چانسلر نے جو بھی اقدامات اٹھائے ہیں وہ یونیورسٹی کے مفاد میں ہیں اور KIU میں وائس چانسلر کا کوئی عزیز یا رشتہ دار نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سینئر پروفیسرز کو ڈین یا شعبہ جات کا ہیڈ وائس چانسلر کی پسند نا پسند کی بنیاد پر نہیں بنایا گیا بلکہ ڈین کی تعیناتی یونیورسٹی سینٹ کے دائرہ اختیار میں ہے اور دونوں ڈینز کو سینٹ نے تعینات کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی قواعد و ضوابط کے تحت ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈین نہیں بن سکتا تاہم KIU میں تعینات دو ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو اپنی شعبہ جات کی چیئرمین شپ کے علاوہ اہم کمیٹیوں کی سربراہی کی ذمہ داری دی ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سینئر پروفیسرز اور اسکالرز کی تعیناتی سے اس سال ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں قراقرم یونیورسٹی اپنے گروپ کی یونیورسٹیوں میں پانچویں نمبر پر آگئی ہے حالانکہ دو سال قبل KIU چالیسویں نمبر پر تھی۔ امید ہے مزید سینئر پروفیسرز اور سکالرز یہاں تعینات ہوگئے تو مستقبل قریب میں KIU ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں بہت آگے آجائیگی۔ ترجمان نے کہا کہ KIU کی شہرت کو نقصان پہنچانے والی مقامی اخبار کی اس خودساختہ خبر کے خلاف KIU قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 163323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/163323/وائس-چانسلر-قراقرم-یونیورسٹی-پر-اقرباء-پروری-کا-الزام-سراسر-بے-بنیاد-ہے-ترجمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org