0
Sunday 6 Dec 2009 08:50

ہر قیمت پر ملک کی حفاظت کرینگے،قوم کا فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی خزانہ ہے،جنرل کیانی

ہر قیمت پر ملک کی حفاظت کرینگے،قوم کا فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی خزانہ ہے،جنرل کیانی
راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ہر قیمت پر پاکستان کی بقاء،دفاع اور تحفظ کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کا فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی خزانہ ہے، پاکستان ہمارا مادر وطن اور اسلام کا قلعہ ہے،ہم اسلام اور پاکستان کی عظمت کیلئے جیئیں اور مریں گے۔ہفتہ کو راولپنڈی مسجد پر دہشت گرد حملہ میں جاں بحق ہونے والے پاک فوج کے بعض شہیدوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد جاری بیان میں اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کے دوران انہوں نے کہا کہ اپنے مذہب اور اپنے ملک کیلئے ہمارا عقیدہ،عزم اور فخر ایک اثاثہ ہے جو دہشت گردی کی ہر کارروائی کے بعد مزید پختہ ہو جاتا ہے،پاک فوج ہر قیمت پر پاکستان کی بقاء،دفاع اور تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔چیف آف آرمی اسٹاف نے ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستانی عوام کے عزم کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ فوج سمیت پوری قوم سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برایر شریک ہے،پاک فوج پاکستانی عوام کی مدد سے اپنی بنیادی اقدار اور مفادات کا باوقار انداز میں تحفظ کرے گی۔ انہوں نے صدمہ کی اس گھڑی میں بھرپور حمایت اور ہمدردی پر قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فوج کے ساتھ قوم کی جانب سے یکجہتی کا یہ بھرپور اور بے مثال اظہار ایک خزانہ ہے جسے ہم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے دوران مشکل کی اس گھڑی میں ان کے مثالی عزم کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف فرداً فرداً تمام زخمی افراد اور فوج کے جوانوں و افسران سے ملے اور ڈاکٹرز کو ان کے علاج کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔زخمی جوانوں اور افسران کا زخمی ہونے کے باوجود بھی حوصلہ بلند تھا اور انہوں نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے فوج کی ہرکوشش اور اقدام کی حمایت کی جائیگی۔ اللہ کے گھر کو نشانہ بنانے والے کسی طور پر بھی مسلمان نہیں ہیں۔آرمی چیف کی سی ایم ایچ آمد کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے تھے۔ 
شہداء کی نمازِ جنازہ:وزیراعظم و آرمی چیف کی شرکت،صدر غائب
اسلام آباد:مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کی نماز جنازہ میں غیر حاضری کو فوج اور شہداء کے اہلِ خانہ اور رشتہ داروں نے محسوس کیا۔ماضی کی طرح انہوں نے اس بار بھی زخمیوں کی عیادت کے لئے اسپتال جانے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی۔آئین کی رُو سے صدر مسلح
افواج کا سپریم کمانڈر ہے اور حاضر سروس چیف کی تقرری کا اختیار بھی انہی کو حاصل ہے۔وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل طار ق مجید،چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور دیگر وزراء سمیت کئی حکومتی اہلکاروں نے شہید فوجیوں کی ہفتے کو ہونیوالی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ چیف آف دی آرمی اسٹاف نے اسپتال میں جاکر زخمیوں کی عیادت کی لیکن صدر زرداری اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود کسی بھی مقام پر نظر نہیں آئے اور نہ ہی انہوں نے زحمت گوارا کی کہ وہ کسی شہید کے لواحقین کو تسلّی دیں یا زخموں سے چُور اس ملک کے شہریوں کی دل جوئی کر سکیں ۔ذرائع نے ”جنگ“کو بتایا کہ سوات مالا کنڈ آپریشن کے دوران فوجی آپریشن میں صدر کی عدم دلچسپی ظاہر ہوئی،اس کے بعد جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں بھی ایسا ہی ہو ا،انہوں نے آپریشن میں بے گھر ہونے والے سوات کے افراد سے مختصر اور دکھاوے کی ملاقات کی،لیکن وہ آپریشن کے دوران کہیں نظر نہیں آئے۔ صدر نے جنوبی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے افراد سے ملاقات کی اور نہ ہی گذشتہ ماہ پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونیو الے افراد کے لواحقین سے تعزیت کر سکے جبکہ وزیراعظم اور آرمی چیف پشاور بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے پہنچ گئے ۔پاک فو ج کے جمعے کی نماز میں ہونیو الے شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ نے صدر کی ان سانحات کے موقع پر مسلسل غیر حاضری کو منفی انداز میں محسوس کیا کیونکہ ایسے مواقع پر صدر کو زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی دل جوئی کیلئے موجود ہونا چاہئے۔ایوان صدر کو ایسے واقعات کے بعد ایک ہی جیسے تعزیتی بیانات جاری کرنے اور وزیر داخلہ کو میڈیا کے سامنے بار بار وہی بیانات دینے کی عادت ہو گئی ہے،انہوں نے ہر واقعے کی تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کئے لیکن کبھی بھی کسی واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر نہ آ سکی۔شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ اور لواحقین نے آرمی چیف اور فوجی قیادت کو سراہا جنہوں نے اپنی سیکورٹی کی پرواہ کئے بغیر غمگین اہلخانہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔جبکہ صدر آصف علی زرداری کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر سازی مہم شروع کرنے کے حوالے سے تیاریوں میں مصروف تھے اور اسکی تمام تفصیلات میڈیا کو جاری کی جا چکی ہیں ۔شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ نے غم کی اس گھڑی میں صدر کی عدم دلچسپی پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ صدر کے اس انداز کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بھی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

خبر کا کوڈ : 16381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش