QR CodeQR Code

آزادی نسواں کے عالمی نعرے فریب اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں، مقررین

22 May 2012 03:09

اسلام ٹائمز:ایم ڈبلیو ایم کراچی شعبہ خواتین کی جانب سے منعقدہ جشن جشن فاطمہ الزہرا ( س ) سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیدہ فاطمہ زہرا ( س ) کی زندگی کے اصولوں کو اجاگر کرکے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ان اصولوں پر عمل کرکے ہی مسلم خواتین فلاح حاصل کرسکتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کی جانب سے المحسن ہال میں منعقدہ جشن فاطمہ الزہرا ( سلام اللہ علیہا ) کے اجتماع میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امین شہیدی، خانم طیبہ اعجاز ( اسلام آباد )، خانم طاہرہ فاضلی، خانم عذرا عمار اور ایران سے آئی ہوئیں ممتاز اسکالر خانم عبدالٰہی نے کہا کہ جو لوگ اپنے آپ کو اسلام سے وابستہ رکھے ہوئے ہیں ان کی ہدایت اور رہنمائی کا منبع قرآن کریم اور سنت رسول اکرم ص ہے اور یہ مسلمانوں کا مسلّمہ و متفقہ عقیدہ ہے کہ قرآنی احکام کے مطابق پیغمبر گرامیؐ کی ذات مبارک عالم اسلام کے لئے نمونہ عمل ہے جبکہ پیغمبر اکرم ص کی اپنی ہدایت اور رہنمائی کے مطابق خواتین عالم کے لئے بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا س کی ذات ہے۔

مقررین نے کہا کہ جناب سیدہ ( س ) کے بارے میں فرامین پیغمبر ص ایسی حقیقت ہیں کہ جسے تمام مسلمان تسلیم کرتے ہیں۔ جناب سیدہ س کا دختر رسول ص ہونے کے حوالے سے احترام اور عقیدت اپنی جگہ ہے لیکن ان کا یہ پہلو سب سے منفرد اور نمایاں ہے کہ وہ عالم نسواں کے لئے قیامت تک نمونہ عمل ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے عمل اور اخلاق کے میدان میں اپنی زندگی کے جو اصول اور نقوش چھوڑے ہیں وہ دائمی اور ابدی ہیں، کسی خاص زمانے، معاشرے یا علاقے تک مخصوص اور مختص نہیں ہیں۔

مقررین نے کہا کہ سیدہ فاطمہ زہرا ( س ) کی زندگی کے اصولوں کو اجاگر کرکے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ان اصولوں پر عمل کرکے ہی مسلم خواتین فلاح حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ ان اصولوں کی آفاقیت اور افادیت اس قدر وسیع ہے کہ دنیائے بشریت کی تمام خواتین بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و علاقہ ان اصولوں سے استفادہ کرکے کامیاب زندگی گزار سکتی ہیں اور اخروی نجات کا سامان پیدا کرسکتی ہیں۔

مقررین نے کہا کہ آزادی نسواں کے عالمی نعروں کو اگر حضرت سیدہ فاطمہ زہرا س کے کردار کی روشنی میں دیکھیں تو یہ نعرے فریب اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں، البتہ سیرت زہرا ( س ) کی روشنی میں آزادی نسواں کے تصور اور نظریے پر عمل کرنے سے عورت حقیقی معنوں میں ترقی کرسکتی ہے، معاشروں کی تعمیر کر سکتی ہے، نئی نسلوں کی کردار سازی کر سکتی ہے۔ سوسائٹی کو سنوارنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے، اپنے ذاتی، اجتماعی اور معاشرتی مسائل کا حل تلاش کر سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 164128

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/164128/آزادی-نسواں-کے-عالمی-نعرے-فریب-اور-دھوکے-سوا-کچھ-نہیں-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org