0
Wednesday 23 May 2012 03:49

نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف 25 مئی کو یوم احتجاج منایا جائیگا، محمد حسین محنتی

نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف 25 مئی کو یوم احتجاج منایا جائیگا، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے تحت ہونیوالے لانگ مارچ کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی کی صدارت میں ادارہ نور حق میں ضلعی امراء کا ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں لانگ مارچ کے سلسلے میں یوم احتجاج اور جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 24-25-26 مئی کو پورے شہر میں کیمپس لگائے جائیں گے۔ 24 اور 26 مئی کو دفاع پاکستان کے قائدین ان کیمپوں کا دورہ کریں گے اور عوام سے خطاب کریں گے۔ جمعہ 25 مئی کو یوم احتجاج منایا جائے گا، اس سلسلے میں شہر کی اہم مساجد کے باہر اور پبلک مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اہم شاہراہوں پر بینرز لگائے جائیں گے، ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کئے جائیں گے، جبکہ 26 مئی کو دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین کراچی پہنچیں گے اور اہم اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دی جائے گی۔

لانگ مارچ کے انتظامات اور دیگر تفصیلات کیلئے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصر اللہ خان شجیع کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر حافظ نعیم الرحمن اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری مسلم پرویز شامل ہیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ 23 مئی کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ قومی امنگوں کے منافی ہوگا۔ پاکستانی قوم ایک غیرت مند قوم ہے، چند ڈالروں کے عوض نیٹو سپلائی کی بحالی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے ملکی سلامتی اور خودمختاری، دفاع اور تحفظ کا عزم کیا ہے، ممکنہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ امریکا نواز حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا۔ ایک طرف امریکا اور نیٹو افواج ڈرون حملوں کے ذریعے بے گناہ پاکستانی عوام اور فوج کا خون بہا رہی ہیں جب کہ دوسری جانب ہمارے حکمران انہی قاتلوں کو کمک پہنچانے کیلئے بے تاب ہو رہے ہیں یہ بے حمیتی اور بے حسی کی انتہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 164487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش