0
Wednesday 23 May 2012 16:58

کشمیری مزاحمتی تحریک کی پشت بانی جاری رہیگی، منور حسن

کشمیری مزاحمتی تحریک کی پشت بانی جاری رہیگی، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی، کل جماعتی حریت کانفرنس ( گ) کے کنونیر غلام محمد صفی اور حریت کانفرنس (ع) کے کنونیر محمود ساغر نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں اور خطے میں بدلتی ہوئے سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کو اپنا مسئلہ اور اس کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی اپنی مجبوریاں اور مسائل ہوتے ہیں مگر قوم کشمیریوں کی تحریک کی پشت پر اول روز سے ہے اور رہے گی، انھوں نے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اتنی قرنانیوں کے بعد کشمیر کو آزادی سے کوئی نہیں روک سکتا۔
 
انھوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا، انھوں نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اول روز سے تحریک آزادی کی پشتی بانی کر رہی ہے اور منزل کے حصول تک کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ سید منور نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت نے خود دنیا کے سامنے عہد کیا تھا کہ وہ یہ حق کشمیریوں کو فراہم کرے گا لہذا عالمی برادری بھارت سے یہ عہد پورا کروائے اور کشمیریوں کویہ حق دلوائے۔
 
انھوں نے کہا کہ حالات بدل رہے ہیں، امریکہ اپنے لائو لشکر کے ساتھ افغانستان میں شکست کھاچکا ہے، اس موقع پر عبدالرشید ترابی، غلام محمدصفی اور محمود ساغر نے مشترکہ طور پر جماعت اسلامی پاکستان کی تحریک آزادی کشمیرکے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اہل کشمیر کی جماعت اسلامی پاکستان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، کشمیر کی قیادت نے سید منور حسن کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 164509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش