QR CodeQR Code

نیٹو کنٹینرز میں جانیوالا اسلحہ ایران اور پاکستان کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے، جے یو آئی

23 May 2012 15:28

اسلام ٹائمز: مولانا غفور حیدری اور ملک سکندر خان کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف پوری قوم ایک ہے، قوم قومی غیرت اور ملک کی سلامتی کے خلاف حکومت کو کوئی غلط فیصلہ نہیں کرنے دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور ڈپٹی سیکرٹری ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شکاگو کانفرنس ناکام ثابت ہوئی، کوئی اہم فیصلہ نہ کر سکی اور نہ ہی دنیا کو افغان مسئلہ کا کوئی نیا حل دے سکی، یہ کانفرنس گپ شپ کی حد تک رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دباؤ ڈالنے کیلئے یقیناً مختلف نئے حربے سوچے گئے ہوں گے جبکہ دوسری طرف خود نیٹو والے یہ کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے بغیر وہاں سے باعزت واپسی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو افواج کو اب اپنے انجام کی فکر لگی ہوئی ہے، کیونکہ انہیں معلوم ہے روس جب افغانستان سے نکلا تھا تو افغان عوام نے ان سے خوب بدلے لیئے تھے، یقیناً نیٹو کے انخلا کے پر افغان قوم اپنے مقابل کو عبرت کا نشان بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کانفرنس کیسے کامیاب ہو سکتی تھی جبکہ وہاں پر ایک فریق تھا تو دوسرا فریق طالبان موجود ہی نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک طرف نیٹو افواج افغانستان سے نکلنے کا اعلان کر رہے ہیں تو پھر پاکستان کے راستے سے اسلحہ لے جانے کا کیا مقصد ہے؟ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی اسلحہ کل پاکستان اور ایران کیخلاف استعمال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کیخلاف پوری قوم ایک ہے، قوم قومی غیرت اور ملک کی سلامتی کے خلاف حکومت کو کوئی غلط فیصلہ نہیں کرنے دے گی، حکومت اگر غلط قدم اٹھایا تو شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، جس سے پاکستان ایک بڑے بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔ مولانا حیدری اور ملک سکندر خان نے کہا کہ جمعیت ڈالروں کے عوض ملک کی سلامتی اور غیرت کا سودا نہیں کرنے دے گی۔


خبر کا کوڈ: 164679

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/164679/نیٹو-کنٹینرز-میں-جانیوالا-اسلحہ-ایران-اور-پاکستان-کے-خلاف-استعمال-ہو-سکتا-ہے-جے-یو-آئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org