0
Friday 25 May 2012 00:38

چوہدری نثار کا لیاقت بلوچ کو فون، الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی کی کارروائی سے آگاہ کیا

چوہدری نثار کا لیاقت بلوچ کو فون، الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی کی کارروائی سے آگاہ کیا
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے ٹیلی فون پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے رابطہ کر کے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی کی کارروائی سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ سے باہر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ نئے چیف الیکشن کمشنر کے نام کے لیے پینل دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم اور موجودہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس شاکر اللہ جان کے نام تجویز کرنا چاہتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اصولی طور پر ان تینوں ناموں پر کوئی اختلاف نہیں ہے، اس مرحلہ پر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے ہونا تو ممکن نہیں لیکن اگلے مرحلہ میں کسی ایک نام پر اتفاق پیدا کرنے کے لیے لازماً بات چیت ہونی چاہیے۔
 
انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ناگزیر ہے کہ قومی اتفاق رائے کی عبوری حکومت قائم ہو، انتخابات میں کم از کم اخراجات کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کریں، ووٹرز لسٹیں نقائص سے پاک ہوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل طور پر غیر جانبدار، انتظامی اور مالی اعتبار سے بااختیار ہو، چوہدری نثار علی خان نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کو بامعنی بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 165217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش