0
Friday 25 May 2012 15:09

امریکی سینیٹ، پاکستان کی امداد میں 33 ملین ڈالر کمی کا بل منظور

امریکی سینیٹ، پاکستان کی امداد میں 33 ملین ڈالر کمی کا بل منظور
اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ کی بیرونی امداد کی کمیٹی نے پاکستان کی امداد میں تینتیس ملین ڈالر کمی کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ یہ فیصلہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو تینتیس سال کی سزا سنائے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے تیس ارکان میں سے کسی نے بل کی مخالفت نہیں کی۔ چند روز پہلے امریکی سینیٹ کی بیرونی امداد کی کمیٹی کے سربراہ لنزے گراہم نے پاکستان کی امداد میں کمی کا بل پیش کیا تھا۔ بل منظور ہونے سے امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی امداد میں تینتیس ملین ڈالرز کی کمی کردی گئی ہے۔ 

سینیٹر لنزے گراہم نے بل کی منظوری کے موقع پر کمیٹی کے اراکین سے خطاب میں پاکستان کو خوف میں مبتلا اتحادی قرار دیا، جبکہ کمیٹی کے ارکان نے نیٹو سپلائی روٹ پر افغانستان جانے والے ٹرکوں کے کرائے میں اضافے کی بھی شکایت کی اور بین السطور اسے بھتہ قرار دیا۔ امداد روکنے کا فیصلہ شکیل آفریدی کو تینتیس سال کی سزا کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزا دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا، معاملہ امریکا کے لیے سنگین ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بات کر رہے ہیں، امید ہے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سینیٹ نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کی سزا کے بعد پاکستان کی تین کروڑ تیس لاکھ روپے کی امداد روکنے کی منظوری دے دی۔ پاکستان کو سالانہ دس لاکھ ڈالر کی امداد دی جانا تھی۔ پاکستان میں غداری کے الزام میں ڈاکٹر شکیل آفریدی کو سزا کے بعد امریکی سینیٹ کی کمیٹی چراغ پا ہوگئی۔ سینیٹ کی کمیٹی کے اجلاس میں امداد میں کٹوتی پر ریپبلکن سینیٹر لنِڈسے گراہم نے زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ لیکن امریکا پاکستان سے ڈبل ڈیلنگ نہیں چاہتا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک ایسا اتحادی قرار دیا جو ایک طرف امریکا کی مدد کرتا ہے۔ دوسری جانب حقانی نیٹ ورک کو بھی پروان چڑھانے میں مدد دے رہا ہے۔ امریکی سینیٹ کی کمیٹی نے آئندہ سال کیلئے پاکستان کی امداد میں نصف سے زائد کمی کی منظوری دی۔ کمیٹی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر پاکستان نیٹو سپلائی بحال نہیں کرتا تو اس کی امداد میں مزید کمی کی جائے گی۔ ریپبلیکن اور ڈیموکریٹس سینیٹرز نے پاکستان کو شکیل آفریدی کی سزا کے معاملے پرکڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ امداد کی کٹوتی پر امریکی سینیٹ کی کمیٹی کے تمام ارکان میں اتفاق پایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 165365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش