0
Saturday 26 May 2012 11:50

وقت گزر گیا، توہین عدالت کیس، وزیراعظم کا اپیل دائر نہ کرنیکا فیصلہ

وقت گزر گیا، توہین عدالت کیس، وزیراعظم کا اپیل دائر نہ کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ توہین عدالت کیس فیصلے کے خلاف وزیراعظم نے اپیل دائر نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ آج فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا آخری دن ہے۔ وزیراعظم نے توہین عدالت کیس میں سزا کے خلاف اپیل نہ دائر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔ ان کا یہ فیصلہ اپیل کرنے کی مہلت ختم ہونے سے چند گھنٹے پہلے سامنے آیا۔ چھبیس اپریل کو سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو توہین عدالت کیس میں سزا سنائی تھی۔ وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ یہ اپیل ایک ماہ کے اندر دائر کی جانا تھی۔ مقررہ وقت سے دو دن پہلے اسپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ جاری کی کہ وزیراعظم کو آئین کے تحت نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپیل کرنے یا نہ کرنے کے لئے قانونی ماہرین سے ملاقات کیں تھیں۔ مشاورت میں اپیل نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق توہین عدالت کیس میں اپیل کا وقت گزرگیا، لیکن وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سزا کے خلاف درخواست دائر نہ کی۔ سپریم کورٹ کے سات رکنی بنچ نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کا مجرم قرار دیتے ہوئے تیس سیکنڈ کی سزا سنائی تھی۔ عدالت عظمٰی نے یہ فیصلہ 26 اپریل کو سنایا تھا، جس کے خلاف آج دوپہر بارہ بجے تک اپیل دائر کی جا سکتی تھی لیکن وزیراعظم کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل دائر نہیں کی گئی۔ وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپیل نہ کرنے کا فیصلہ صدر، وزیراعظم اور سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے بعد سزا کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی حلقوں کا موقف ہے کہ اسپیکر کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنس نہ بھجوانے کے فیصلے کے بعد معاملہ ختم ہو گیا ہے۔ حکومت اپیل دائر کر کے بند ہو جانے والے باب کو دوبارہ نہیں کھولنا چاہتی۔
خبر کا کوڈ : 165600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش