0
Wednesday 9 Dec 2009 11:16

بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ بھارتی قیادت کے ساتھ اٹھایا،مائیک مولن

بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ بھارتی قیادت کے ساتھ اٹھایا،مائیک مولن
واشنگٹن:امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے کہا ہے کہ انہوں نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھارتی قیادت کے سامنے اٹھایا ہے۔واشنگٹن میں جیو نیوز کے نمائندے سمیع ابراہیم سے گفت گو کرتے ہوئے،امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان امریکیوں کے قتل میں ملوث ہے جس پر تشویش ہے۔پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں القاعدہ اور طالبان ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں جس سے پاکستان اور افغانستان میں تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے شدت پسندوں سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی مفاد پر مبنی ہیں اور پاکستان کے ساتھ طویل المیعاد تعاون کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر پاکستان کی تشویش کے بارے میں امریکی فوج کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے تحفظات کے حوالے سے اپنے سابق اور موجودہ بھارتی ہم منصب جنرل کپور کے علاوہ بھارتی سیاسی قیادت سے بھی بات کر چکے ہیں اس کے علاوہ اس سلسلے میں انہوں نے جنرل کیانی سے بھی بات کی ہے۔صدر اوباما کی نئی حکمت عملی افغانستان اور پاکستان کے علاوہ بھارت اور خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی ہے۔انھوں نے جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ  وہ اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ اگر پاک،بھارت سرحد سے کشیدگی ختم کر دی جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کام کیا جائے تو اس سے خطے میں استحکام کا معاملہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا اور اس مسئلے کے حل سے خطے میں استحکام کی صورتِ حال پر اچھا اثر پڑے گا۔پینٹاگان اور جی ایچ کیو کے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی کمیونیکیشن گیپ نہیں ہے۔جنرل کیانی سے ٹیلے فون پر بات ہوتی رہتی ہے اور ایسا ہم باقاعدگی سے کرتے ہیں۔ہمارے درمیان بڑے مضبوط تعلقات ہیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے گروپ القاعدہ کے نظریات سے متاثر ہیں جبکہ نئے بھرتی ہونے والے طالبان کا کوئی نظریہ نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ جے یو ٹی،القاعدہ، افریقن طالبان اور پاکستانی طالبان کے آپس میں تعلقات ہیں جس سے دنیا کو خطرات لاحق ہیں۔
کشمیر کے معاملے پر کشیدگی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے،مائیک مولن
واشنگٹن:امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے کشمیر کے معاملے پر کشیدگی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ واشنگٹن کے فارن پریس سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بنیادی سوال ہے اور خطے میں امن کے تناظر میں دونوں ممالک کو اس معاملے پر توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر کشیدگی کا خاتمہ بہت اہم ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ خطے کے دوسرے ممالک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو آگے آنا ہو گا۔ایڈمرل مولن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج میں کمی کے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا،افغان سرحد پر شدت پسندوں کے خلاف پاکستان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 16570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش