0
Tuesday 29 May 2012 01:37

کشمیر کی آزادی کیلئے نوجوانوں کو قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونا ہوگا، تحریک حریت

کشمیر کی آزادی کیلئے نوجوانوں کو قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونا ہوگا، تحریک حریت
اسلام ٹائمز۔ تحریک حریت کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی نے ضلع بڈگام کے ارکان کے ایک تربیتی اجتماع میں صدارتی خطبہ کے دوران کہا کہ تحریک حریت جموں کشمیر صرف اس لئے منصہ شہود پر آچکی ہے کہ جموں کشمیر کے اس متنازعہ خطہ کو بھارت کے فوجی قبضہ سے آزاد کرانے کے لئے ایک سرگرم، پُرامن جدوجہد چلائی جائے، تاکہ آزادی حاصل کرکے یہاں خدائی نظام قائم کیا جائے، جس کے لوگ اس وقت باغی بن چکے ہیں، یہ جدوجہد آگے لے جانے کے لئے ایسے لوگوں اور خاص کر نوجوانوں کی ضرورت ہے جن کا کردار قرآن مقدس کے احکامات اور اسوہ حسنہ حضرت محمد ص کے تحت تعمیر ہوا ہو، اس کے لئے ضروری ہے کہ انہوں نے قرآن مقدس کو سمجھ کر پڑھا ہو اور سیرت مقدسہ کا بغور مطالعہ کیا ہو۔

اشرف صحرائی نے مصر میں قائم اسلامی تنظیم ”اخوان المسلمین“ کے دوسرے مرشد عام حسن الہضیبی کے ایک قول کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے اپنی تنظیم کے کارکنوں کی ایک نشست میں کہا تھا کہ ”پہلے قرآنی حکمرانی اپنی زندگیوں میں قائم کرو، اُسی طرح زمین پر بھی اس کا قیام وجود میں آئیگا۔“ صحرائی نے کہا کہ جو لوگ دنیا میں غلبہ اسلام کے خواہاں ہوں، مگر وہ اپنی جدوجہد کے دوران باطل نظام کی طرف سے دی جانے والی رعائیتوں سے فائدہ اٹھانے کی کوششیں کریں گے تو اُن لوگوں کے ذریعہ غلبہ اسلام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس لئے اگر ہم بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ہر صورت بھارت کی طرف سے دی جانے والی مراعات حاصل کرنے سے بے نیاز ہوکر اپنے بنیادی اور پیدائشی حق حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے ہروقت سرگرمی سے کوشاں رہنا چاہئے، صحرائی نے کہا کہ ہم بحیثیت مسلمان امن کے علمبردار ہیں، دہشت گردی سے ہمارا دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 166403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش