0
Tuesday 29 May 2012 12:32

سعودی عرب شام میں جمہوریت کا خواہاں نہیں، القدس العربی

سعودی عرب شام میں جمہوریت کا خواہاں نہیں، القدس العربی
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق لندن سے شائع ہونے والے معروف عربی اخبار القدس العربی نے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب شام میں جمہوریت کے نفاذ کا حامی نہیں۔ القدس العربی نے گذشتہ ایک سال کے دوران شام میں بدامنی کے بارے میں سعودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سعودی عرب شام پر فوجی حملے کی حمایت کرتا آیا ہے اور شام کے حکومت مخالف مسلح دہشت گرد گروہوں کو اسلحہ بھی فراہم کرتا رہا ہے۔ اخبار نے سعودی عرب کی جانب سے وہابی علماء کے خلاف شام کے مسلح گروپس کیلئے مالی امداد جمع کرنے پر پابندی پر اظہار تعجب کرتے ہوئے اسے سعودی حکومت کی دوغلی پالیسیوں کا واضح نمونہ قرار دیا۔
لندن سے شائع ہونے والے اس عربی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ سعودی حکومت کے اس فیصلے کی تین ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں، ایک یہ کہ سعودی وہابی علماء کی جانب سے جمع کی جانے والی مالی امداد القاعدہ جنگجووں تک بھی پہنچ جاتی ہے، دوسرا یہ کہ سعودی عرب میں پائی جانے والی مذہبی قوتیں مکمل طور پر حکومت کے کنٹرول میں رہیں اور تیسرا یہ کہ امریکہ ایسا چاہتا ہے۔
القدس العربی نے اپنے تجزیئے میں لکھا کہ سعودی عرب کی جانب سے اتخاذ کی جانے والی پالیسی ایک دوغلی پالیسی ہے جسکے تحت وہ ایک طرف تو شام کے خلاف فوجی حملہ کا مطالبہ کرتا ہے اور شام میں موجود مسلح گروہوں کو اسلحہ اور مالی امداد فراہم کرتا ہے اور دوسری طرف سعودی عرب اس حقیقت سے بھی اچھی طرح واقف ہو چکا ہے کہ ایک سال سے زیادہ عرصہ سے شام کی حکومت پر مسلسل سیاسی اور نفسیاتی دباو ڈالنے کے باوجود وہ بھرپور انداز میں برسر اقتدار ہے اور ملکی حالات پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے۔
مصنف اپنے تجزیئے کے آخر میں یہ نتیجہ نکالتا ہے کہ سعودی عرب نہ فقط شام اور خطے کے دوسرے ممالک میں جمہوری حکومتوں کے قیام کے حق میں نہیں ہے بلکہ ان ممالک میں موجود حکومتوں کو سرنگون کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے شام پر فوجی حملے کے اصرار کی اصلی وجہ دمشق کی تہران اور بغداد سے سیاسی قرابت ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے شام، ایران اور عراق کی ٹرائیکا کو ختم کرنے کیلئے کی جانے والی اب تک کی تمام کوششیں بے فائدہ ثابت ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 166569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش