QR CodeQR Code

ہر کشمیری اپنے پنڈت بھائیوں کی گھر واپسی کی خواہش رکھتا ہے، یاسین ملک

30 May 2012 00:21

اسلام ٹائمز: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ہمارے دین اور نبی ص نے ہم پر لازم ٹھہرایا ہے کہ ہم اپنے ساتھ رہنے والے غیر مسلم بھائیوں کے جان و مال و عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر مادر وطن ہے اور مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پنڈت اور دوسرے مذاہب سے وابستہ لوگ اس سر زمین کا اٹوٹ حصہ ہیں، ہماری تہذیب، تمدن اور معاشرتی زندگی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہے، یہی وجہ ہے کہ ایک ایک کشمیری اپنے پنڈت بھائیوں کی گھر واپسی کی امید و خواہش رکھتا ہے، ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے آج کھیر بوانی تولہ مولہ کے مشہور زمانہ میلے میں شرکت کے لئے آئے ہوئے پنڈت برادری کے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، یاسین ملک پارٹی وفد کے ہمراہ تولہ مولہ پہنچے تو پنڈت برادری کے افراد نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، ہونٹوں پر مسکراہٹیں اور آنکھوں میں خوشی کے چھلکتے آنسووں کے ساتھ پنڈت برادری نے اپنے والہانہ جذبات کا اظہار کیا۔
 
اس موقع پر یاسین ملک نے اپنے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے وطن میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بہن اور بھائیوں کو یہاں دیکھ کر جو مسرت ہوئی ہے وہ بیان سے باہر ہے، یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری پنڈت ہماری معاشرتی اور سماجی زندگی کا وہ حصہ ہیں جس کے بغیر ہمارا وجود نامکمل ہے، اسی لئے ہم سب کی دلی تمنا اور خواہش ہے کہ ہم سے دور گئے ہوئے ہمارے یہ بھائی جتنا جلد ممکن ہو اپنے گھروں کو لوٹ آئیں، انہون نے کہا کہ کشمیر کا ایک ایک مسلم اُن کےلئے چشم براہ ہے، بے شک ہمارے مذہبی عقائد مختلف ہیں لیکن اس اختلاف کا قطعاً یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم نہ کریں۔
 
یاسین ملک نے کہا کہ ہمارے نبی ص نے ہمیں اپنے ہمسائیوں اور خاص طور ہر غیر مسلم ہمسائیوں کے حقوق سے آگاہ کیا ہوا ہے، ہمارے دین اور ہمارے نبی ص نے ہم پر لازم ٹھہرایا ہے کہ ہم اپنے ساتھ رہنے والے غیر مسلم بھائیوں کے جان و مال و عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہ کریں۔ اسلئے ہم اپنے غیر مسلم بھائیوں کی ہر حال میں حفاظت کریں گے۔ یاسین ملک نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ حالات چاہے کچھ بھی ہوں کشمیری مسلمانوں نے بحیثیت مجموعی کبھی بھی اور کسی بھی حال میں دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے خاطر اپنی اخوت، انسانیت نوازی، بھائی چارے اور عدل و انصاف کی قدروں کو زائل نہیں ہونے دیا ہے اور میں یہاں اپنے پنڈت بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم کسی بھی صورت میں اپنی رواداری کے جوہر پر حرف نہیں آنے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 166631

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/166631/ہر-کشمیری-اپنے-پنڈت-بھائیوں-کی-گھر-واپسی-خواہش-رکھتا-ہے-یاسین-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org