0
Thursday 31 May 2012 00:18

جموں کشمیر میں قانون کی بالادستی عملاً ختم کردی گئی ہے، سید علی گیلانی

جموں کشمیر میں قانون کی بالادستی عملاً ختم کردی گئی ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھدرواہ تہرے قتل معاملے میں پولیس سربراہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے سے متعلق درخواست خارج کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے قتل کئے گئے معصوم شہریوں کے ورثاء کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے اور اس کارروائی میں انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی عناد نہیں ہے، البتہ جن اداروں کی منصبی ذمہ داری لوگوں کے جان ومال اور عزت کی حفاظت کرنا ہو، ان کو قانون سے برتر قرار دینا عدل و انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، سانحہ شوپیاں کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گیلانی نے آئمہ مساجد اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ لاپتہ افراد کی یاد میں منائے جانے والے عالمی ہفتے کے سلسلے میں یکم جون جمعة المبارک کو خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کریں اور انکی بازیابی کی کوششوں میں شریک ہوکر ان کے ورثاء کی حوصلہ افزائی کریں۔
 
بزرگ آزادی پسند رہنماء نے کہا کہ جموں کشمیر میں قانون کی بالادستی عملاً ختم کردی گئی ہے اور یہاں عدلیہ کو آزاد رکھنے کے بجائے تابع مرضی سرکار بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھدرواہ تہرے قتل کے معاملے میں مقدمہ دائر کرنے سے متعلق درخواست خارج کراکر اصل میں ان لوگوں کو انعام اور اعزاز سے نوازا ہے، جو اس بہیمانہ واقعے میں براہِ راست ملوث ہیں اور جن کے خلاف پختہ ثبوت بھی موجود ہیں، علی گیلانی نے کہا کہ عجلت میں انجام دی گئی کارروائی اصل میں پولیس سربراہ کے نئے عہدے کے لیے راہ ہموار کرانے کی ایک کوشش ہے اور اس سے تمام تر قانونی اور اخلاقی اقدار کی مٹی پلید کردی گئی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ تین معصوم شہریوں کی شہادت کے ملزم کے لیے حکومت نے جو رویہ اختیار کیا ہے وہ بے شرمی کی انتہاء ہے اور اُس سے یہ بات پایہ ثبوت کو پہنچ گئی ہے کہ حراستی شہادتوں کو نہ صرف حکمرانوں کی آشیرباد حاصل ہے، بلکہ وہ اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ اس پوری کہانی سے اُن لوگوں کو کافی مایوسی ہوئی ہے، جن کے عزیز و اقارب پچھلے بیس سال کے دوران حراست میں لینے کے بعد قتل یا لاپتہ کردیئے گئے ہیں۔ سید علی گیلانی نے حقوقِ بشر کی عالمی تنظیموں سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ جموں کشمیر میں جاری لاقانونیت اور سرکاری غنڈہ گردی کا سنجیدہ نوٹس لیں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنا اثرورسوخ بروئے کار لائیں۔
خبر کا کوڈ : 166965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش