0
Thursday 31 May 2012 03:47

سید مہدی رضا اور سید احمر عباس کا سفاکانہ قتل کھلی دہشت گردی ہے، ایم کیو ایم

سید مہدی رضا اور سید احمر عباس کا سفاکانہ قتل کھلی دہشت گردی ہے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان سندھ اسمبلی نے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 میں واقع ورکشاپ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے سید مہدی رضا اور سید احمر عباس کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دوہرے قتل کی اس واردات کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں ارکان سندھ اسمبلی نے کہا کہ شہر میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں سمیت تاجر، ڈاکٹرز، اساتذہ، دکاندار اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد محفوظ نہیں ہیں اور مسلح دہشت گرد جس طرح تسلسل کے ساتھ شہر میں قتل و غارت گری کررہے ہیں اور بے گناہ افراد کا بیدردی سے خون بہا رہے ہیں وہ گہری سازش ہے اور اس سازش کا مقصد شہر کا امن تباہ کرنا اور اسے فرقہ وارانہ اور لسانی فسادات میں جھونک کر مذموم عزائم کی تکمیل کرنا ہے۔

انہوں نے سید مہدی رضا شہید اور سید احمر عباس شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ ارکان سندھ اسمبلی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں سید مہدی رضا اور سید احمر عباس کے سفاکانہ قتل کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور دوہرے قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 167010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش