QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف آج پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا

1 Jun 2012 03:01

اسلام ٹائمز:ایک بیان میں جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی عدم بحالی پر پوری قوم یکسو ہے مگر امریکا نواز حکمران اور امریکی آلہ کار نیٹو سپلائی کی بحالی کی کوششیں کررہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے تحت جمعہ یکم جون کو شام ساڑھے پانچ بجے سے مغرب تک کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، دھرنے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور کونسل میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قوم نے اپنا فیصلہ دیدیا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر نیٹو سپلائی کو بحال نہیں ہونے دیں گے۔ حکمرانوں کو بھی اب عوامی تیور بھانپ لینا چاہیے اور ایسے اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو عوامی احساسات و جذبات اور قومی امنگوں کے منافی ہو۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ نیٹو سپلائی سے زیادہ اہم ہے۔ نیٹو سپلائی کی عدم بحالی پر پوری قوم یکسو ہے مگر امریکا نواز حکمران اور امریکی آلہ کار نیٹو سپلائی کی بحال کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کا عزم کر رکھا ہے اور بڑے پیمانے پر عوامی جذبات کی نمائندگی کی ہے۔ نیٹو سپلائی کی عدم بحالی کا مطالبہ صرف دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کا مطالبہ نہیں بلکہ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے شہریوں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی دھرنے میں بڑی تعداد میں شریک ہوں اور حکمرانوں پر یہ بات ثابت کردیں کہ وہ کسی بھی قیمت پر سپلائی بحال نہیں ہونے دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 167342

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/167342/نیٹو-سپلائی-کی-ممکنہ-بحالی-کے-خلاف-آج-پریس-کلب-پر-احتجاجی-دھرنا-دیا-جائے-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org