0
Saturday 12 Dec 2009 11:26

سرگودھا سے گرفتار پانچ امریکی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے

سرگودھا سے گرفتار پانچ امریکی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے
لاہور:سرگودھا میں گرفتار پانچ امریکیوں کو محکمہ داخلہ پنجاب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کرکے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔امریکی شہریت کے حامل پانچ غیر ملکیوں کو سرگودھا میں نو دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے جہادی لٹریچر برآمد ہوا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا ڈاکٹر عثمان کے مطابق گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لئے محکمہ داخلہ پنجاب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر کے سخت سیکیورٹی میں لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔تحقیقاتی ٹیم میں آٹھ ایجنسیوں کے اہل کار شامل ہیں۔امریکی ایف بی آئی کی ٹیم بھی گرفتار افراد سے سرگودھا میں تفتیش کر چکی ہے اور ایف بی آئی کے اہل کار بھی گرفتار افراد کے ساتھ سرگودھا سے چلے گئے ہیں۔دوسری جانب سرگودھا کے ریجنل پولیس آفیسر میاں جاوید اسلام کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے یا نہ کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر عثمان کے مطابق گرفتار شدگان سے ہونے والے انکشافات نہایت اہمیت کے حامل ہونگے۔حراست میں لیے گئے پاکستانی امریکیوں کے مختلف ایجنسیوں سے روابط تھے
اور ان لوگوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں روک دی گئیں۔ڈی پی او کے مطابق مذکورہ افراد جہادیوں کے ساتھ ای میلز کے ذریعے رابطہ رکھے ہوئے تھے۔ 
سرگودھا سے گرفتار امریکی لاہور منتقل
لاہور:سرگودھا میں تین روز قبل گرفتار ہونے والے پانچ امریکیوں کو مزید تفتیش کے لئے سی آئی ڈی سینٹر چونگ لاہور منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امریکہ سے آئی ایف بی آئی کی ٹیم سرگودھا سے روانہ ہو گئی ہے۔امریکی شہریت کے حامل پانچوں افراد دو ماہ قبل امریکہ سے پاکستان آئے تھے اور انہیں سرگودھا پولیس نے کامیاب آپریشن کے ذریعے گرفتار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی سینٹر چونگ لاہور میں گرفتار امریکیوں سے سی آئی ڈی سمیت دیگر ایجنسیاں بھی تفتیش کریں گی۔ گرفتار افراد میں دو پاکستانی اور تین عرب نژاد امریکی ہیں۔ادھر ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں جہاد کے الزام میں گرفتار پانچ امریکی شہری عمر چوہدری،وقار خان، امان حسن یمیر امریکی یو ٹیوب اور ای میلز کے ذریعے رابطے تھے۔اخباری رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انہوں نے ایک امریکی ویب سائٹ یو ٹیوب
پر ایک ویڈیو فوٹیج کے بعد آپس میں روابط بڑھائے تھے۔ اس فوٹیج میں امریکی فوج پر حملوں کی تعریف کی گئی تھی۔پانچوں نوجوانوں نے خفیہ ای میلز کے ذریعے پاکستان میں طالبان،القاعدہ اور دو کالعدم تنظیموں سے روابط بڑھائے اور دہشت گردی کی تربیت لینے کیلئے پاکستان پہنچے جہاں پر پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔
پاکستان پانچ گرفتار امریکی شہریوں کو بیدخل کر دے گا،امریکا
واشنگٹن:امریکا نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان گرفتار کیے جانے والے پانچ امریکی شہریوں کو بیدخل کر دے گا۔واشنگٹن میں امریکی دفتر خارجہ کے سینئر اہل کار نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان گرفتار کیے جانے والے پانچ امریکی شہریوں کو بیدخل کردے گا،ایف بی آئی نے امریکی ارکان کانگریس کو جو رپورٹ دی ہے اس کے مطابق ورجینیا کے رہائشی اور زیر تعلیم امریکی شہریوں کا دہشت گرد گروپوں سے تعلق کا ثبوت نہیں ملا۔امریکی دفتر خارجہ کے اہلکار کے مطابق ابھی تک واضح نہیں کہ گرفتار امریکیوں نے پاکستان یا امریکا میں کوئی قانون شکنی کی ہے۔
پاکستان میں گرفتار پانچ امریکی شہریوں کے خاندان پریشان ہیں،اکنا
واشنگٹن:اسلامک
سرکل آف نارتھ امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان میں گرفتار پانچ امریکی شہریوں کے خاندان پریشان ہیں۔اذیت میں مبتلا خاندانوں کے لیے دعا کی جائے۔جبکہ امریکی مسلم اسکالرز کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف شروع کیے گئے پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔واشنگٹن سے جیو نیوز کے نمائندے کے مطابق ریاست ورجینا میں اسلامک سرکل آف نارتھ امیریکا(اکنا) کے ترجمان ایصام طلاوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار امریکی نوجوانوں کی اپنے علاقے میں اچھی شہرت تھی۔اور ان کے بارے میں کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ وہ دہشت گردی کی سرگرمی میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ ایصام طلاوی کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کے اہل خانہ پریشان ہیں۔اذیت میں مبتلا خاندانوں کیلئے دعا کی جائے۔دوسری طرف امریکی مسلم اسکالرز کا بھی ایک اجتماع ہوا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اسکالرز کا کہنا تھا کہ مسلمان ایک امن پسند قوم ہے اور اسکا انتہا پسندی سے تعلق جوڑنا ایک سازش ہے۔انٹرنیٹ سمیت دیگر ذرائع سے مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے،جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ 

خبر کا کوڈ : 16743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش