QR CodeQR Code

ایوان میں اپوزیشن نے بازاری زبان استعمال کر کے پوری قوم کا سرشرم سے جھکا دیا، قمر زمان کائرہ

2 Jun 2012 00:28

اسلام ٹائمز: جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کا بجٹ وفاق سے زیادہ ہے، 70 فیصد بجٹ صوبوں کے پاس اور 30 فیصد وفاق کے پاس ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا اور نہ ہی نیا قرضہ لیں گے، ایوان میں اکثریت حاصل ہے، بجٹ بآسانی پاس کرا لیں گے، ایوان میں اپوزیشن نے بازاری زبان استعمال کی، جس سے پوری قوم کا سرشرم سے جھک گیا، بجٹ اجلاس کے دوران احتجاج کے ماسٹر مائنڈ پچھلی نشستوں پر چھپے ہوئے تھے، اپوزیشن کے پاس دینے کیلئے کوئی تجویز نہیں محض دادا گیری ہے، پنجاب میں غیر جماعتی انتخابات کرانا میثاق جمہوریت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کا بجٹ وفاق سے زیادہ ہے، 70 فیصد بجٹ صوبوں کے پاس اور 30 فیصد وفاق کے پاس ہے، ماضی میں لیا گیا 900 ارب روپے کا قرضہ دینا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں واضح کمی آئی، پچھلے دو سال کی نسبت محصولات بہتر اور خسارہ کم ہوا، ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کرنا چاہتے تھے لیکن مالی صورتحال کو بھی دیکھنا پڑتا ہے، خزانہ کی ٹیم کو متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ عدلیہ یا کسی اور ادارے کے سر پر جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، حکومت کی خواہش ہے کہ عوام خوش ہوں، بجٹ پر تنقید کرنے والوں کو چاہیے کہ اس بارے میں متبادل تجاویز پیش کریں، صرف تنقید کرنا درست نہیں، ہمارے خطے میں حکومت کے پاس ذرائع کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ پہلے آیا ہے اور نہ آئے گا اور نہ کوئی نیا قرضہ لیا جائے گا، ہمارے اوپر الزام ہے کہ ہم نے قرضہ زیادہ لیا، ہمارے دور میں معیشت 60 فیصد بڑھی ہے، یہ بجٹ عوام کے ریلیف کیلئے بنایا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 167507

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/167507/ایوان-میں-اپوزیشن-نے-بازاری-زبان-استعمال-کر-کے-پوری-قوم-کا-سرشرم-سے-جھکا-دیا-قمر-زمان-کائرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org