0
Saturday 2 Jun 2012 01:01

خیبر پختونخوا میں بدامنی اور مہنگائی عروج پر، کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال، پروفیسر ابراہیم

خیبر پختونخوا میں بدامنی اور مہنگائی عروج پر، کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال، پروفیسر ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے صوبے بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اتحادوں کی بحث میں اُلجھنے کی بجائے آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات کے لئے تیاریاں تیز کر دیں۔ جماعت اسلامی نے انتخابی نشان ترازو کے لئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔ جب انتخابات کا اعلان ہوگا اس وقت جماعت اسلامی اپنی انتخابی حکمت عملی کا اعلان کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ضلع بنوں میں کارکنوں کے مختلف وفود اور ضلعی ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جس بڑے پیمانے پر عوام جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں اس سے ہمارے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اے این پی اور پی پی عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہیں، خیبر پختونخوا میں بدامنی، مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے۔ اور کسی کی جان و مال، عزت و آبرو محفوظ نہیں، صوبے میں معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے صوبے میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر لوڈ شیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج حکمرانوں کے خلاف تحریک میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کے انقلابی منشور کو عوام تک پہنچائیں۔
 
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں۔ انشاء اللہ تعالی عوامی حمایت سے صوبہ خیبر پختونخوا میں آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرینگے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مفتی صفت اللہ بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 167511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش