0
Sunday 3 Jun 2012 17:02

مقبوضہ کشمیر، ’’امام خمینی رہ ایک روحانی و انقلابی شخصیت‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد

مقبوضہ کشمیر، ’’امام خمینی رہ ایک روحانی و انقلابی شخصیت‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ العباس ریلیف ٹرسٹ جموں و کشمیر اور مدینہ پبلک اسکولز کے زیر اہتمام بانی انقلاب اسلامی ایران اور عصر حاضر کی عظیم انقلابی شخصیت آیت اللہ خمینی رہ کی 23ویں برسی کی مناسبت سے مدینہ پبلک ہائی اسکول میں ”امام خمینی رہ ایک روحانی و انقلابی شخصیت“ کے عنوان سے ایک تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء و مفکرین نے موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رہبر انقلاب کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کیا، مجلس کی صدارت کے فرائض کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے انجام دیئے جبکہ نئی دہلی میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید مہدی نبی زادہ اور ایرانی کلچرل کونسلر احمد عالمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، اس موقع پر ایرانی سفارتکار اور علماء بھی موجود تھے۔
 
مقررین نے امام خمینی رہ کی روحانی اور انقلابی شخصیت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موصوف کو عالم اسلام کا ایک ایسا رہنماء قرار دیا جس نے اپنی ذات کو قرآن و سنت کے سانچے میں ڈھال کر صرف ایمانی قوت کے بل پر تحریک شروع کی اور ایران میں نہ صرف اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کا خاتمہ کیا بلکہ حقیقی معنوں میں اسلامی نظام حکومت کا قیام عمل میں لا کر شہنشاہیت اور آمریت کے پشت پر کھڑی دنیا کی استعماری قوتوں کو بھی گٹھنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، اس موقع اپنے صدارتی خطاب میں اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا عباس انصاری نے امام خمینی رہ کو اس صدی کا مجدد قلمداد کرتے ہوئے ان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایرانی انقلاب کی طرح ہی جب تک ہماری تحریک بھی اخوت و اتحاد اور دینی و علمی بنیادوں پر استوار نہیں ہوگی کامیابی ہمارے قدم نہیں چوم سکتی۔
 
انہوں نے کہا کہ جس تحریک کی بنیاد فکر وعمل پر استوار ہو و ہرصورت میں کامیاب ہوتی ہے، انہوں نے ایرانی انقلاب کو اسلامی فکر اور استعماری طاقت کے درمیان ٹکراﺅ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رہ نے امت مسلمہ کے اجتماعی مفادات کی کشتی کو طوفان سے ٹکرانے کا حوصلہ عطا کیا۔ ایران کے سفیر انجینئر سید مہدی نبی زادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام خمینی رہ کی قیادت میں ایرانی انقلاب کے دوران قیادت اور عوام کے درمیان مستحکم بنیادوں پر رابطہ قائم تھا اور قیادت نے خود کو عوامی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے وقف کیا تھا، بانی انقلاب اسلامی نے ایک مسلمان اور عالم کی حیثیت سے ایک ایسی تحریک کا آغاز کیا جس نے پوری دنیا میں تحرک پیدا کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ اسلام لامقصد انسانیت کی ہدایت ہے تاکہ عالم بشریت فلاح کی منزل تک پہنچ جائے اور امام خمینی رہ نے انقلاب کے ذریعے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو نابود کرکے اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لاکر اس صدی کا سب سے بڑا سیاسی انقلاب برپا کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں علم اور ٹیکنالوجی میں ترقی کرنا ہوگی کیونکہ آج کے زمانے میں جو قوم علمی میدانوں میں پیشرفت کرتی ہے وہی کامیاب ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 167713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش