0
Sunday 3 Jun 2012 15:11

لاہور میں جشن مولود کعبہ کی تقاریب، جامعہ عروہ الوثقٰی میں مرکزی تقریب جاری

لاہور میں جشن مولود کعبہ کی تقاریب، جامعہ عروہ الوثقٰی میں مرکزی تقریب جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں 4 جون کو یوم مولود کعبہ (ع) منایا جائے گا۔ جشن مولود کعبہ (ع) کے سلسلہ میں لاہور میں سب سے بڑی تقریب آج جامعہ عروۃ الوثقیٰ چند رائے روڈ لاہور میں جاری ہے، جس میں ممتاز عالم دین علامہ سید جواد نقوی نے سیرت علی (ع) پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جشن کی تقریب صبح دس بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ تقریب میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور مرد حضرات کی کثیر تعداد شریک ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کے لئے سیرت علی (ع) کو مشعل راہ بنایا جائے تو کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی (ع) کی پوری زندگی رسالت مآب کے ساتھ گزری اور ولادت سے لے کر رسول پاک (ص) کے وصال تک آپ (ع) نے حضور اکرم (ص) کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ علی (ع) کا طرز زندگی منافقت کی موت ہے، علی (ع) کی سیرت سے روشنی حاصل کر کے ہم اپنی دنیاوی اور اخروی زندگی دونوں کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔

آقائے جواد نقوی نے کہا کہ ایران کے انقلاب کی بات کی جائے تو وہ بھی سیرت علی (ع) کی بدولت وقوع پذیر ہوا، امام خمینی (رہ) نے کربلا اور سیرت علی (ع) سے روشنی لے کر انقلابی تحریک میں روح بھری اور آج انقلاب اسلامی ایران پوری دنیا میں اپنی آب و تاب کے ساتھ موجود ہے اور استعمار کے سامنے ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے، استعمار اپنی ہزار سازشوں کے باوجود انقلاب کا کچھ نہیں بگاڑ سکا، انقلاب کی کامیابی میں رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی دوراندیش قیادت کا اہم ترین حصہ ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ حضرت علی (ع) کی پوری زندگی اسلام کی بقا اور دفاع میں گزری، آج بھی اسلام اسی طرح خطرے میں ہے جس طرح مولائے کائنات (ع) کے دور میں تھا، آج اگر ہم استعمار کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سیرت علی (ع) سے سبق حاصل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جشن مولود کعبہ کا انعقاد صرف یہ نہیں کہ ایک تقریب کا اہتمام کریں، اس میں چار پانچ قصیدے پڑھیں اور مٹھائی تقسیم کر کے گھروں کو چلے جائیں، نہیں، ایسا نہیں، بلکہ ان تقریبات کا مقصد سیرت علی (ع) سے آشنائی حاصل کرنا ہوتا ہے، جو ایسی تقریبات میں شریک ہو اور اس کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہ آئے تو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ اس نے یہ سارا وقت جو اس تقریب میں گزارا اسے ضائع کر دیا۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لئے سیرت علی (ع) ہی ہمارے لئے بہترین راستہ ہے، کیونکہ رسول اکرم (ص) کے بعد کوئی ایسی کامل ہستی نہیں ملتی جس نے وہ تمام خوبیاں موجود ہوں جو ایک اہل اسلامی حکمران میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی (ع) نے ہر قدم پر امت کی رہنمائی خوبصورت انداز میں فرمائی ہے، حضرت علی (ع) میدان کار زار میں ہوں، لشکر کی قیادت کر رہے ہوں تو مرد جری ہیں، ان کی بہادری پر ہی خدا نے انہیں اپنا شیر کہا، اسی طرح ایک امانت دار کے طور پر دیکھیں تو خطرناک ماحول میں بھی لوگوں کی امانتیں اصل مالکان تک پہنچائے بغیر کہیں نہیں جاتے اور اگر انہیں اقتدار کی مسند پر دیکھیں تو صالح ترین حکمران ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ہی شخصیات اللہ کی جانب سے منتخب ہوتی ہیں اور امامت کے لئے حضرت علی (ع) کا انتخاب اللہ تعالٰی کا امت پر احسان ہے، یہ حضرت علی (ع) کی ہی شخصیت تھی کہ مسلمان خلافت کی زمام خود لے کر آئے اور کہا یاعلی (ع) اگر آپ نے مسند اقتدار نہ سنبھالی تو اسلام ختم ہو جائے گا، اس وقت آپ (ع) نے فرمایا میرے نزدیک اقتدار کی قیمت اس ٹوٹے ہوئے جوتے سے بھی کم ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ نوجوان نہج البلاغہ کا مطالعہ کریں، نہیج البلاغہ مولا (ع) کی نصیتیں خصوصی طور پر پڑھنی چاہیں، تاکہ نوجوانوں کو اپنی زندگیاں اسلام کے حقیقی اصولوں پر گزارنے میں مدد مل سکے۔

جشن مولود کعبہ کے سلسلہ میں دربار بی بی پاکدامن، اسلام پورہ، ساندہ، مزنگ، ماڈل ٹاؤن، مغل پورہ، ملتان روڈ، مسلم ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، سمن آباد، گلشن راوی، امامیہ کالونی، جعفریہ کالونی، بندروڈ، گلبرگ، جیل روڈ، دھرم پورہ، لاہور کینٹ، عسکری ٹن، شالیمار کالونی، بادامی باغ، سنت نگر، شاد باغ اور دیگر علاقوں میں بھی جشن کی تقاریب آج رات ہوں گی، جبکہ یہ سلسلہ کل پورا دن بھی جاری رہے گا، کربلا گامے شاہ میں بھی کل ایک تقریب ہو گی، جس میں معروف شعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے، جبکہ ذاکرین عظام فضائل علی (ع) بیان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 167876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش