QR CodeQR Code

معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے اساتذہ بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں، مقررین

5 Jun 2012 16:13

اسلام ٹائمز: پاکستان میں7 لاکھ افراد افیون کے عادی ہیں۔ چھ لاکھ پچیس ہزار افراد ٹیکے لگاتے ہیں۔ ہیروئین استعمال کرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار ہیں۔ اساتذہ کا کردار شعور پھیلانے میں بہت اہم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسکولوں اور کالجز میں طلبہ و طالبات کو منشیات کی روک تھام کے سلسلہ میں تربیت اور مستقبل میں منشیات کے خاتمے سے ایک مثبت معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن کاچو غلام سیدین نے بحیثیت مہمان خصوصی اینٹی نارکورٹکس فورس کے زیر اہتمام منشیات کی روک تھام میں اساتذہ کا کردار کے عنوان سے ایک روزہ ٹیچرز ٹریننگ میں کیا۔ ٹریننگ کے دوران اینٹی نارکورٹکس فورس کا تعارف کراتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ANF غلام مرتضی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اینٹی نارکورٹکس فورس کا قیام 1982 میں عمل میں لایا گیا۔ اس ادارے نے منشیات کے روک تھام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

اساتذہ کو ٹریننگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اچھائی اور برائی کے بارے میں سمجھانا ہوگا۔ اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہترین تربیت کرسکیں۔ طلبہ والدین سے زیادہ اساتذہ پر اعتماد کرتے ہیں اس لئے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو دوستانہ ماحول دیں اور معاشرتی برائیوں کے بارے میں انہیں مطلع کریں۔ منشیات کا استعمال کرنے والے زیادہ تر نفسیاتی مریض ہوتے ہیں۔ انہون نے کہا کہ پاکستان میں 7 لاکھ افراد افیون کے عادی ہیں۔ چھ لاکھ پچیس ہزار افراد ٹیکے لگاتے ہیں۔ ہیروئین استعمال کرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار ہیں۔ اساتذہ کا کردار شعور پھیلانے میں بہت اہم ہے۔ معاشرے میں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ گلگت میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سینٹر کے قیام کیلئے سیکریٹری ہیلتھ سے بات کرینگے۔ اساتذہ کا کام مسائل کی نشاندہی کرنا اور منشیات کے خاتمے کے حوالے سے شعور دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت میں سینٹر کے قیام سے قبل جو بھی منشیات کا عادی مریض ہوگا اسکا اسلام آباد میں مفت علاج کرایا جائیگا۔ ٹریننگ کے دوران اساتذہ نے سوال جواب بھی کئے جبکہ جمشید خان دکھی، اشتیاق احمد یاد اور غلام عباس نسیم نے موقع کی مناسبت سے اشعار بھی سنائیں۔ ٹریننگ میں گلگت کے مختلف سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی بڑی تعداد کے ساتھ سماجی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اساتذہ نے ANF کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں منشیات کے خاتمے کے حوالے سے سیشنز کا انعقاد کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 168155

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/168155/معاشرے-سے-منشیات-کے-خاتمے-کیلئے-اساتذہ-بھرپور-کردار-ادا-کر-سکتے-ہیں-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org