QR CodeQR Code

ذات علی علیہ السلام ایمان اور منافقت کے درمیان خط امتیاز ہے، سید صمصام بخاری

5 Jun 2012 05:24

اسلام ٹائمز: جشن مولود کعبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ولایت و امامت کا مالک پنجتن پاک ع کے گھرانے کے علاوہ کوئی دوسرا گھر نہیں ہے۔ یہ عقل پر پردہ پڑا ہوا ہے کہ ولی کو تو مانتے ہیں لیکن ولی جس علی ع نے بنایا اس کو ماننے سے انکار کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ولادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں مرکزی امام حسین کونسل کے زیراہتمام پرل کانٹی نینٹل ہوٹل راولپنڈی میں ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام بخاری مہمان خصوصی تھے۔ سید صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کہ ذات علی علیہ السلام ایمان اور منافقت کے درمیان خط امتیاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس جگہ کو مسجد نہیں سمجھتا، جہاں اہل بیت ع کا تذکرہ نہ ہو۔ جن لوگوں پر خدا کا فضل ہے انہیں پتہ ہے کہ جو کچھ ملنا ہے اسی گھرانے کے طفیل ملنا ہے۔ کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے کہ کما حقہ علی علیہ السلام کی تعریف بیان کرسکے۔ اگر کوئی اپنا ادراک کرنا چاہتا ہے تو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھے کہ محبت اہل بیت ع موجود ہے کہ نہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ اہل بیت ع کی محبت کے بغیر عبادت فضول ہے اور میں اس جگہ کو مسجد تسلیم نہیں کر سکتا جہاں اہل بیت ع کا تذکرہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایمان والے حق کے ساتھ ہو جائیں تو حق ان کے ساتھ ہو جائے گا اور اس طرح دنیا و آخرت میں فتح و کامرانی نصیب ہوگی۔ سید صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ تعالٰی کی ذات نے محمد مصطفٰی ص کی محبت میں کائنات خلق کی، اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ کو نبی ص کی آل ع سے کس درجے کی محبت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ولایت و امامت کا مالک پنجتن پاک ع کے گھرانے کے علاوہ کوئی دوسرا گھر نہیں ہے۔ یہ عقل پر پردہ پڑا ہوا ہے کہ ولی کو تو مانتے ہیں، لیکن ولی جس علی ع نے بنایا اس کو ماننے سے انکار کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 168201

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/168201/ذات-علی-علیہ-السلام-ایمان-اور-منافقت-کے-درمیان-خط-امتیاز-ہے-سید-صمصام-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org