0
Wednesday 6 Jun 2012 01:02

کئی شہروں میں طوفان اور شدید آندھی، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کئی شہروں میں طوفان اور شدید آندھی، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اسلام ٹائمز۔ ملک کے مختلف شہروں بشمول لاہور اور پشاور میں طوفان اور شدید آندھی کے باعث سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تیز ہوائوں کے باعث دیواریں اور سائن بورڈز گر گئے اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، کئی علاقوں میں کھمبے گرنے سے بجلی کا نظام در ہم برہم ہو کر رہ گیا جبکہ ساتھ ہی بعض علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پشاور اور اس کے گرد و نواح میں بھی دوپہر کو تیز آندھی آئی۔ نوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کے باعث کئی علاقوں میں دیواریں، درخت اور سائن بورڈز گر گئے، جسکے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ یونیورسٹی ٹائون، صدر اور شہر کے مختلف مقامات پر دیواریں گرگئیں جبکہ کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، ہورڈنگ بورڈزاور درخت گرنے سے ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
 
دوسری طرف ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز آندھی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ آندھی کے بعد بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ٹانک، میانوالی اور دیگر کئی علاقوں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہور میں دوپہر کے وقت آندھی اور بادلوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کے علاقے چوک سرور شہید میں تیز آندھی کے بعد بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ادھر مرید کے میں آندھی کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 168482
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش