0
Wednesday 6 Jun 2012 04:47

دریا کے کناروں پر واقع املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، رضا ہارون

دریا کے کناروں پر واقع املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، رضا ہارون
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر رابطہ کمیٹی کے اراکین و صوبائی وزیر رضا ہارون اور سید شاکر علی اور جاوید کاظمی نے ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر قاسم آباد و لطیف آباد بچاؤ بند پر مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ تنظیمی کمیٹی رکن و صوبائی وزیر زبیر احمد خان، متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل انچارج محمد شریف اراکین زونل کمیٹی، ارکان اسمبلی سہیل یوسف، سید وسیم حسین اور اکرم عادل بھی موجود تھے۔

رکن رابطہ کمیٹی و صوبائی وزیر رضا ہارون نے سرکاری افسران کو شہر اور شہریوں کو سیلاب کے ممکنہ خطرات سے بچانے اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی اور ممکنہ اقدامات کے حوالے سے ہدایات دیں اور کہا کہ بچاؤ بندوں کی مسلسل نگرانی اور حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں اور دریا کے کناروں پر واقع املاک کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے تمام ادارے اپنے عملوں کو الرٹ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مکمل سنجیدگی سے ادا کریں اور عوام کی حفاظت اور ان کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں غفلت و کوتاہی کو کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ ہم تمام تر تعصبات سے بالاتر ہوکر عوام کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائم ہوئے 63 سال کا عرصہ بیت چکا ہے، اگر ہر سال 20 میل بند کے پشتے مضبوط کئے جاتے تو آج 1200 کلومیٹر کا بند تیار ہوتا جبکہ دریا سندھ کی لمبائی ایک ہزار میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو پشتے بنائے بھی گئے تھے تو ان کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور ناقص کام کی وجہ سے آج ہمیں اس صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا اس سے سبق حاصل کرکے مستقبل کی حکمت عملی بنائی جانی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 168551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش