0
Wednesday 6 Jun 2012 21:40

بیس روزسے زائد ہو گئے، اویس عقیل کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، نااہل حکومت مستعفی ہو، جمعیت

بیس روزسے زائد ہو گئے، اویس عقیل کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، نااہل حکومت مستعفی ہو، جمعیت
اسلام ٹائمز۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے کہا کہ طلبہ کے صبر کو آزمانا درحقیقت حکومت کی بے وقو فی ہے، اگر ہم قانون کا احترام کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے رہے ہیں تو ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم کوئی ایسا کام کریں ورنہ ان کا بوریا بستر گول کر کے ان نااہلوں کو گھر کا راستہ دکھا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سست روی سے کی جانے والی تفتیش قاتل کے فرار میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

مدثر شاہ نے کہا کہ مفرور قاتل کی ابھی تک عدم گرفتاری ایک سوالیہ نشان ہے، آج اویس عقیل کی شہادت کو بیس روز سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن قاتل ابھی تک قانون کی گرفت میں نہیں آ سکا ہے، حکومت فوری طور پر اس کی تفتیش پر توجہ دے اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے وگرنہ مستعفی ہو کر گھر جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت اپنے طلبہ کی جان کی حفاظت نہیں کر سکتی اور ان کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکتی ایسی نااہل حکومت کو حکمرانی کا حق حاصل نہیں۔

مڈثر شاہ نے کہا کہ اویس عقیل کے خون کو نہ بھلایا جائے گا اور نہ اس کا خون رائیگاں جائے گا اگر قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو پھر دوبارہ طلبہ سڑکوں پر آئیں گے ایسی صورت میں نقص امن کی تمام تر ذمہ دار حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار وائس چانسلر ہے اگر حکومت صوبے میں تعلیمی ترقی چاہتی ہے تو وائس چانسلر کو تبدیل کیا جائے اور اگر وائس چانسلر تبدیل نہ کیا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ حکومت تعلیم کے ساتھ مخلص ہی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 168772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش