0
Thursday 7 Jun 2012 02:34

پاکستان میں امام خمینی کے پیروکاروں نے ہمیشہ ظلم کے نظام کیخلاف قیام کیا، علامہ حسن ظفر نقوی

پاکستان میں امام خمینی کے پیروکاروں نے ہمیشہ ظلم کے نظام کیخلاف قیام کیا، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ امام خمینی (رہ) نے انسانی روحوں میں انقلاب برپا کیا، امام خمینی (رہ) نے وقت کے طاغوت کے خلاف ایک قیام کی بنیاد ڈالی، جو مستضعفین کے لئے امید ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے برسی امام خمینی (رہ) کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن ضلع وسطی کی جانب سے مسجد و امام بارگاہ شہدائے کربلا، انچولی میں منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل محمد مہدی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل فاضل موسوی، سیکرٹری سیاسیات سید اصغر زیدی، ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل ذکی ہاشمی، علامہ نقی نقوی و دیگر رہنماؤں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) کا پیغام ہے کہ کسی بھی مظلوم کی مدد کے لئے ہمیں پیچھے نہیں ہٹنا ہے، ہم ہر مظلوم کے حامی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج لبنان کے عیسائی اور اہلسنت بھی فرزند خمینی سید حسن نصراللہ کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں بھی ایسے ہی کردار کا مالک بن کر لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیئے۔

علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) فقط ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ امام خمینی (رہ) اس دور میں پائی جانے والی ایک ایسی فکر کا نام ہے کہ جو ہر مظلوم کی پناہ گاہ ہے، امام خمینی (رہ) نے وقت کے طاغوت کے خلاف ایک ایسے قیام کی بنیاد ڈالی جو مستضعفین جہان کے لئے ایک امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج عالم انسانیت میں آنے والی بیداری کی تحریکیں امام خمینی (رہ) کے افکار و کردار کی بدولت ہیں، آج مصر جاگ رہا ہے، تیونس کے مسلمانوں نے اپنے وطن کو آزاد کرایا ہے، یمن میں تحریک جاری ہے، بحرین کی تحریک زور پکڑ رہی ہے، لیبیا کا ڈکٹیٹر مارا جا چکا ہے، درحقیقت ان سب تحریکوں کا اصل مرکز و محور امام خمینی (رہ) کی ذات ہے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ آج امام خمینی (رہ) ہمارے درمیان نہیں لیکن ان کے جانشین، ولی امر مسلمین جہان، رہبر معظم آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای ہماری قیادت کر رہے ہیں اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب ان کی قیادت کی بدولت اس دنیا کے تمام لوگ شیطان بزرگ امریکہ کا زوال دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خمینی اور خامنہ ای کا پیروکار بننا آسان نہیں ہے، کیونکہ یہ دین خدا کی ہر حد پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہیں، فقط ان کا نام لینے سے کوئی ان کا پیروکار نہیں بن سکتا، جب تک ان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اخلاقیات پر عمل نہ کرے، ظالموں سے برات کا اظہار نہ کرے اور مظلومین کی مدد نہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے پیروکاروں نے ہمیشہ ظلم کے نظام کے خلاف قیام کیا، شہید مظلوم قائد ملت علامہ عارف حسین الحسینی رہ کی قیادت میں ملت جعفریہ نے منظم ہونے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، اس کو اب مجلس وحدت مسلمین آگے بڑھا رہی ہے اور انشاءاللہ یکم جولائی کو مینار پاکستان پر شیعہ قوم کی طاقت کا بے مثل مظاہرہ کرکے یہ ثابت کر دے گی کہ امام خمینی (رہ) کے پیروکار اور شہید حسینی رہ کے معنوی فرزند میدان میں حاضر ہیں اور دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے خون کے آخری قطرے تک موجود رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 168887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش