0
Friday 8 Jun 2012 07:48

شام میں فوجی مداخلت کی مخالفت، ایران کیخلاف طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے، شنگھائی کانفرنس

شام میں فوجی مداخلت کی مخالفت، ایران کیخلاف طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے، شنگھائی کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، کانفرنس میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے جبکہ ممبر ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ادھر افغانستان کی بطور مبصر اور ترکی کے ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ دوسری جانب اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ میں شنگھائی تعاون تنظیم نے افغانستان سے نیٹو انخلاء کے بعد قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرنیکی پیشکش، امریکا اور نیٹو کی جانب سے یورپ میں دفاعی میزائل نصب کرنے کے منصوبے پر اظہار تشویش، شام میں فوجی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے مسئلے کے پرامن حل پر زور، ایران کے جوہری پروگرام پر تنازع کو طاقت کے زور پر حل کرنے کی مذمت، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ 

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر ہوجن تاؤ نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پیچیدہ اور خطرناک ہے، جس کے باعث خطے میں غیر یقینی صورتحال جنم لے رہی ہے۔ لہذا ہم ان چیلنجز کا صرف اسی صورت مقابلہ کرسکتے ہیں جب ایس سی او کے ممبر ممالک اپنے تعاون کو بڑھائیں گے اور متحد رہیں گے۔ صدر زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خطے میں قیام امن، سلامتی وترقی، منشیات کے خاتمے، شورشوں کو کچلنے اور پسماندگی دور کرنے کے ایجنڈے کو مزید آگے بڑھانے کیلئے ایس سی او کی مکمل رکنیت دی جائے، پاکستان منشیات کے بارے میں عالمی کانفرنس کی میزبانی کریگا۔
 
انہوں نے کہا کہ ملکر پورے خطے کیلئے ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے نئے دور کا آغاز کرسکتے ہیں۔ ہمیں انسداد دہشتگردی تعاون کو مستحکم بنانا چاہیے، عسکری کارروائی مسئلے کا حل نہیں، سیاسی پیشرفت اور اقتصادی ترقی بھی ہونی چاہیے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ ایس سی او کو سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ، معاشی تعاون کو تیز اور عوامی رابطوں اور تبادلوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔ قازقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف، کرغیز صدر، تاجک صدر علی رحمانوف اور دیگر ممالک کے سربراہان نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 169244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش