0
Friday 8 Jun 2012 13:51

پاکستان سے بہت جلد سی آئی اے کی چھٹی ہونیوالی ہے، امریکی اخبار

پاکستان سے بہت جلد سی آئی اے کی چھٹی ہونیوالی ہے، امریکی اخبار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان جلد اپنی سرزمین سے سی آئی اے کے آپریشن پر پابندی عائد کردیگا۔ امریکی اخبار بلوم برگ کے مطابق امریکہ کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ امریکہ کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی بناء پر امکان ہے کہ پاکستان جلدازجلد اپنے ملک کی سرزمین سے سی آئی اے کے باقی ماندہ آپریشنز پر بھی پابندی عائد کردیگا۔ پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ اس بات کا اظہار ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کی فہرست بڑھتی جا رہی ہے۔

امریکی صدر بارک اوبامہ نے حالیہ مہینوں میں ڈرون حملوں کی تعداد میں اضافے کا حکم دیا تھا تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث سیکورٹی اُمور پر تعاون بھی کمزور پڑ گیا ہے۔ امریکہ نے دہشت گردی کیخلاف آپریشنز اور سیکورٹی اُمور سے متعلق فنڈز کی مد میں پاکستان کے 3 ارب ڈالر روک رکھے ہیں۔ اخبار کے مطابق دونوں اطراف کے سفارتکار تنازعات کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاہم فوجی اور انٹیلی جنس حکام اعتماد کی بحالی کیلئے کم کوشش کر رہے ہیں۔

امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں توقع ہے کہ پاکستان جلد سی آئی اے کو حکم دے سکتا ہے کہ وہ پاکستان میں موجود اپنے باقی ماندہ ائربیسز کو بھی خالی کرے کیونکہ سی آئی اے اپنے ان ائربیسز سے ڈرون کو استعمال کر کے پاکستان کے قبائلی علاقوں پر حملے کرتی ہے۔ پاکستان میں ڈرون حملوں کے حوالے سے حکومت پر عوامی دباؤ بہت زیادہ ہے اور حکومت نیٹو سپلائی کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہے ہم غیرت مند قوم ہیں اور غیرت کے بدلے ڈالر نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے امریکی یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پیسوں کے لئے اپنی غیرت کا سودا کر دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم باغیرت قوم ہیں اور بھوکے رہ سکتے ہیں لیکن اپنی غیرت و حمیت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 169262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش