0
Friday 8 Jun 2012 15:00

حقانی نیٹ ورک کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور، انتہاپسندی سے نمٹنے کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، مارک ٹونر

حقانی نیٹ ورک کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور، انتہاپسندی سے نمٹنے کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، مارک ٹونر
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالیہ حملوں میں حقانی نیٹ ورک کا ہاتھ ہے اور اسے غیرملکی دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع لیون پنیٹا کا کہنا ہے کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حقانی نیٹ ورک کو غیرملکی دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے، امریکا نے پاکستان پر نیٹ ورک کے خلاف کارروائی پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسائل کے باوجود پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انتہاپسندی کے خطرے کا سامنا ہے اور امریکا انتہا پسندی سے نمٹنے کے لئے ہر قدم اٹھائے گا۔

دوسری طرف جنرل مارٹن ڈیمپسی نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان اور افغانستان کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔ پاکستان خود بھی فاٹا میں القاعدہ اور طالبان کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے اہم مرکزی رہنماؤں کا خاتمہ کر دیا گیا۔ القاعدہ کے بیشتر رہنما پاکستان کے قبائلی علاقوں میں قیام پذیر تھے۔ ابویحییٰ کی ہلاکت القاعدہ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حقانی نیٹ ورک مزید متحرک ہو گیا ہے اور حالیہ حملوں میں حقانی نیٹ ورک کا ہاتھ ہے۔

اس سے پہلے افغانستان کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے وارننگ دی کہ واشنگٹن کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے پاکستان حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ کابل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیون پنیٹا نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے پاکستان میں موجود ہیں۔ افغانستان میں حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہوتی ہے اور وہاں سے دہشتگرد سرحد پار جا کر حملے کرتے ہیں۔ ان ٹھکانوں کی موجودگی میں افغانستان میں امن ممکن نہیں۔ پاکستان پر کئی مرتبہ واضح کیا ہے کہ اس کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے ختم کرنے کے لئے پاکستان پر سفارتی دباؤ ڈالا جائے۔
خبر کا کوڈ : 169270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش