QR CodeQR Code

کشمیریوں نے ہر قیمت پر آزادی حاصل کرنی ہے، عبدالرشید ترابی

9 Jun 2012 14:23

اسلام ٹائمز:سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد و جموں کشمیر کا کہنا تھا کہ مجاہدین نے بھارتی فوج کی شہ رگ دبا دی تھی جنرل مشرف نے یو ٹرن لے کر اس کو چھڑا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مجاہدین اور بہادر غیرت مند اور حریت پسند کشمیری عوام نے لازوال قربانیاں پیش کر کے قابض بھارتی فوج کی کشمیر میں شہ رگ دبا دی تھی جنرل مشرف نے یوٹرن لے کر اس کو چھڑایا، بھارتی آرمی چیف پریس کانفرنس کر کے فوجی انخلاء کا اعلان کرنے والا تھا کہ بزدل حکمران نے تاریخی بزدلی دکھائی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’تحریک آزادی کشمیر نئے موڑ پر‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چار صدیوں سے اسلحہ سے ناآشنا قوم نے جب بندوق اٹھائی تو تاریخ گواہ ہے اور چشم فلک نے دیکھا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد جدید ہتھیاروں سے لیس فوج کو عملاً میدان میں ہاتھ کھڑے کرنے پر مجبور کر دیا، ایک لاکھ شہداء کے قبرستان آباد کر کے جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے تین محاذ تھے، ایک مقبوضہ کشمیر کے عوام ، دوسرا بیس کیمپ اور تیسرا پاکستان کا کردار، کشمیری عوام نے اپنے حصے سے بڑھ کر کام کیا، مگر بیس کیمپ میں براجمان شکم اور مفاد پرست حکمرانوں نے ان کی قربانیوں پر پانی پھیر دیا، بیس کیمپ حقیقی طور پر بیس کیمپ کا کردار ادا کرتا تو کشمیریوں کو اپنی آزادی کے حصول کے لیے کسی کی مدد کی ضرورت ہی نہ پڑتی، یہ ایسا بیس کیمپ ہے جس میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے بجٹ میں ایک روپیہ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جو کشمیریوں کا وکیل اور فریق ہے اس کے حکمرانوں نے بھی اپنا کردار ادا نہیں کیا، جس کی وجہ سے کشمیریوں کی آزادی کی منزل دور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں ترکی کے دورے پر تھا وہاں 93 ممالک کے مندوبین ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے، سب میں کشمیریوں کے لیے اچھے جذبات تھے، سب کی خواہش تھی کہ اقوام متحدہ کی قرارادادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیاد ی حق دیا جائے، مگر پاکستان کی کمزور کشمیر پالیسی کی وجہ سے بھارت بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ کر رہا ہے، آزاد خطہ اور پاکستان اپنا مطلوبہ کردار ادا کریں تو کشمیر چند ماہ میں آزاد ہو سکتا ہے۔

رشید ترابی نے کہا کہ پاکستان کے غلام حکمران خوف کی بنیادپر پالیسیاں تشکیل دیتے ہیں جو ملک اور قوم کے مفاد کے تحفظ کی بجائے دشمنوں کے مفاد کی حفاظت کرتی ہیں، ملک میں انتشار اور خانہ جنگی کی کیفیت ان ہی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں شہداء کے قبرستانوں میں پاکستان کے شہداء کی نمائندگی تکمیل پاکستان کے ساتھ ساتھ مضبو ط اور مستحکم پاکستان کی شمعیں ہیں کشمیریوں نے ہر قیمت پر آزادی حاصل کرنی ہے اور پاکستان سمیت سمیت دنیا بھر کے انصاف پسند عوام کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 169585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/169585/کشمیریوں-نے-ہر-قیمت-پر-آزادی-حاصل-کرنی-ہے-عبدالرشید-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org