0
Sunday 10 Jun 2012 14:31

امریکی فوجیوں میں خودکشی کا رجحان تیز ی سے فروغ پانے لگا

امریکی فوجیوں میں خودکشی کا رجحان تیز ی سے فروغ پانے لگا
اسلام ٹائمز۔ امریکی فوجیوں میں خودکشی کی شرح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور رواں برس یہ تعداد یومیہ ایک خودکشی تک پہنچ گئی ہے۔ پینٹا گون کے اعداد و شمار کے حوالے سے اخبار ’’یوایس اے ٹوڈے‘‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2012 کے ابتدائی 155 دنوں میں 154 امریکی فوجیوں نے خود اپنے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

خودکشیوں کی یہ تعداد رواں برس افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد سے بھی 50 فی صد زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں میں خودکشی کی یہ بلند شرح ظاہر کرتی ہے کہ امریکی فوج عراق اور افغانستان کی جنگوں کا دباؤ محسوس کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ فوج میں جنسی زیادتیوں، نشہ آور اشیا کے استعمال، گھریلو تشدد اور نامناسب رویے کی شکایات بھی بڑھ رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2010ء اور 2011ء میں فوج میں خودکشیوں کی شرح برابر رہی تھی لیکن رواں برس اس میں تیزی سے اضافہ تعجب خیز ہے جس کی وجوہات کا مکمل طور پر تعین نہیں ہو سکا ہے۔ فوج کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے فوجیوں میں خودکشی کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے جو ایک سے زائد بار میدانِ جنگ میں رہ چکے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ امر بھی حیرت انگیز ہے کہ ایسے فوجی بھی بڑی تعداد میں خودکشی کر رہے ہیں جو سرے سے کبھی کسی جنگ کا حصہ ہی نہیں رہے۔
خبر کا کوڈ : 169918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش