0
Sunday 10 Jun 2012 21:21

امریکہ کا راستہ روکنے کیلئے شیعہ سنی اتحاد ضروری ہے، قرآن و اہلبیت ع کانفرنس

امریکہ کا راستہ روکنے کیلئے شیعہ سنی اتحاد ضروری ہے، قرآن و اہلبیت ع کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہمارا ووٹ پیغمبر اسلام کی امانت ہے، اس کے صحیح استعمال میں تمام مسائل کا حل پنہاں ہے۔ یکم جولائی کو ایم ڈبلیو ایم اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ بھکر میں قرآن و اہلبیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بیرونی قوتوں کو ملک میں لانا وطن دوستی نہیں، ملک دشمنی ہے، ہمیں اس کا راستہ روکتے ہوئے شیعہ سنی اتحاد کو فروغ دینا ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کو دہشتگردوں، انتہا پسندوں اور ان کے سرپرستوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد کو اتنا پروان چڑھائیں گے کہ کسی کو تفرقے کی آگ کو بھڑکانے کی جرات نہیں ہوگی۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک سے تفرقہ مٹانے اور مشترکات کے فروغ کے لئے میدان میں اتری ہے۔
 
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل، انڈیا اور دیگر بین الاقوامی طاقتیں پاکستان اور اسلام کی مشترکہ دشمنی پر متحد ہیں، امت مسلمہ کا اتحاد ہی ان کو شکست دے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تشیع کے پیروکاروں نے پاکستانی معاشرے کے امن کو اپنے خون سے سینچا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملت جعفریہ نے دہشتگردی کا نشانہ بننے کے باوجود امن اور برداشت کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جانوں سے زیادہ اسلام اور پاکستان کا مفادات کو عزیز رکھتے ہیں۔ اگر استعمار کی درندگی اور کمینگی سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو متحد رہنا ہو گا اور یہی وصیت امیرالمؤمنین حضرت علی (ع) نے کی تھی کہ منظم رہنا اور منتشر نہ ہونا۔ 

مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے نام کی طرح اتحاد کا وہ پرچم لے کر میدان عمل میں اتری ہے، جو شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی نے بلند کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امت مسلمہ کی وحدت کے لئے اس پرچم کو اٹھائے چل رہے ہیں اور تا دم زیست اتحاد بین المسلمین کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی بھائیوں نے ملکر پاکستان بنایا تھا اور مل کر ہی اس کی سالمیت کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی قوتوں نے محض نعرے بازی کی سیاست کی ہے، مجلس وحدت مسلمین محض وعدوں اور نعروں پر نہیں، عمل پر یقین رکھتی ہے اور اگلے الیکشن میں انشاءاللہ ایک سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب نعرہ بازی سے کام نہیں چلنے والا۔ خود کو سیاسی طور پر منظم اور مضبوط کرنا ہی وقت کی ضرورت ہے۔ جس قوم کی سیاسی قوت نہ ہو اس قوم کو اپنے حقوق کی بھیک تک بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹ کا صحیح استعمال پاکستان کو مسائل کے گرداب سے باہر نکال سکتا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ قرآن و سنت کانفرنس اتحاد بین المسلمین کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی اور قرآن و اہلبیت ع کانفرنس کے کامیاب انعقاد نے ثابت کر دیا ہے کہ ملت جعفریہ ملکی استحکام اور سالمیت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 170013
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش