0
Monday 11 Jun 2012 07:28

پاک امریکہ کشیدگی برقرار، نائب وزیر دفاع کی کوششوں کے باوجود جنرل کیانی کا ملاقات سے انکار

پاک امریکہ کشیدگی برقرار، نائب وزیر دفاع کی کوششوں کے باوجود جنرل کیانی کا ملاقات سے انکار
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے امریکی نائب وزیر دفاع پیٹر لوائے کو ملاقات کا وقت دینے سے معذرت کر لی۔ وہ جنرل کیانی سے ملاقات کیلئے مسلسل تین دن کوششیں کرتے رہے ہیں، عسکری ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کے الزام کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اسلام آباد موجودگی کے باوجود امریکی نائب وزیر دفاع سے ملاقات کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ امریکی نائب وزیر دفاع 9 جون سے پاکستان میں موجود ہیں۔
 
ذرائع نے بتایا کہ جنرل کیانی نے امریکی محکمہ دفاع سے کہا کہ وہ مصروفیات کی وجہ سے پیٹر لوائے سے ملاقات نہیں کر سکتے۔ جنرل کیانی نے امریکی نائب وزیر دفاع سے ملاقات نہ کر کے امریکہ پر واضح کیا کہ فوج پاکستان کے حوالے سے امریکہ کی پالیسیوں سے ناراض ہے۔ دوسری جانب سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پیٹر لوائے کا دورہ پاکستان بری طرح ناکام رہا ہے، اب وہ خالی ہاتھ واپس امریکہ چلے جائیں گے نیٹو سپلائی کے حوالے سے ہونے والے پاکستان امریکہ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
 
اس حوالے سے جب آئی ایس پی آر کے حکام سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ جنرل کیانی نے امریکی نائب وزیر دفاع سے ملاقات کرنے سے انکار نہیں کیا، تاہم ہفتہ اور اتوار کو سرکاری چھٹی کی وجہ سے ملاقات ممکن نہیں ہو سکی۔ امریکی سفارتخانے کے قائم مقام ترجمان رابرٹ رینیر کا کہنا ہے کہ امریکی نائب وزیر دفاع کی جنرل کیانی سے ملاقات شیڈول کا حصہ نہیں تھی امریکی نائب وزیر دفاع نے دورے میں پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی۔
خبر کا کوڈ : 170102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش