0
Monday 11 Jun 2012 19:15

میڈیا معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرے، چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس بھیجنے میں صداقت نہیں، گیلانی

میڈیا معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرے، چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس بھیجنے میں صداقت نہیں، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ارسلان افتخار کیس میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف صدر مملکت کو ریفرنس بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسلام آباد میں وائس چانسلرز فورم کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ارسلان افتخار کا معاملہ عدالت میں ہے، وہ اس پر بات نہیں کرسکتے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا چیف جسٹس کے خلاف صدر مملکت کو ریفرنس بھیجنے کا ارادہ ہے، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے، چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس بھیجنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم گیلانی نے وائس چانسلرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو ترقی کی منازل پانے کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں بامقصد سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان مغربی دنیا کی محنت کا پھل کر رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے خلاف ریفرنس بھیجنے میں کوئی صداقت نہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ارسلان افتخار کا کیس عدالت میں ہے، جس پر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کرے۔ کامسیٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اعلٰی تعلیم کے بغیر کسی بھی ملک کی سماجی معاشی ترقی ممکن نہین ہے، سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ دے کر ہی قوم کے مستقبل کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کا استعمال بڑھ گیا ہے، یونیورسٹیوں کو مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی، غذا، سکیورٹی اور طبی سہولیات آدھی مسلم دنیا کو دستیاب نہیں ہیں، مسلم دنیا کو ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا چاہیئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ درپیش چیلنجز پر آپس کے تعاون سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے، جس کے لئے تعلیمی شعبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دو روزہ کامسیٹ سیمینار سے درپیش مختلف مسائل کے حل کے لئے ٹھوس تجاویز سامنے آئیں گی۔
خبر کا کوڈ : 170299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش