0
Monday 11 Jun 2012 21:53

سیکولر قوتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف متحد ہو چکی ہیں، سید وسیم اختر

سیکولر قوتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف متحد ہو چکی ہیں، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ خدمت خلق کے ذریعے ہی رضائے الٰہی کا حصول ممکن ہے، اللہ سے بغاوت کرنے والوں کے لئے دنیا و آخرت میں تباہی کے سوا کچھ نہیں، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اللہ اور اس کے رسول(ص) کا نظام رائج کیا جائے، مصر سے لے کر مراکش تک اور تیونس سے لے کر ترکی تک اسلام پسند قوتیں کامیاب ہو رہی ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں بھی دینی جماعتیں برسر اقتدار آئیں گی۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وجود پاکستان کے عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، 2005 کا زلزلہ ہو یا 2010-11 کا خوفناک سیلاب جماعت کے کارکنوں نے دن رات مصیبت زدہ عوام کی خدمت کی ہے، ہمارے کارکن ہمیشہ فیلڈ میں رہتے ہیں، حقوق العباد کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ فلاحی کاموں میں حصہ لیں اور لوگوں کی مشکلات میں ان کی مدد کریں، قوم اور ملک اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہیں ان سے نجات کے لئے ہمیں آگے بڑھتے ہوئے لوگوں کی صحیح رہنمائی کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکولر قوتوں نے ہمیشہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور اب بھی ملک کے اسلامی تشخص کے خلاف متحد ہو چکی ہیں، فحاشی و عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، ہم اللہ کی رسی کو چھوڑنے کے نتیجے میں آج دنیا میں ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیان پاکستان کو اب جاگنا ہو گا ورنہ بعید نہیں کہ دیکھنے کو تو ہم آزاد ہوں مگر امریکی غلامی کا طوق ہمارے گلے میں ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی طرز معیشت اور طرز زندگی کو اختیار کر کے ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، سودی نظام نے بڑے بڑے ادارے دیوالیہ کر دیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 170320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش